سری نگر:۶، مارچ:جے کے این ایس : محکمہ موسمیات کی جانب سے6تا12مارچ موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کے بیچ اتوار اور پیرکی درمیانی رات کشمیر وادی میں درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی تاہم گلمرگ اور پہلگام کے بغیر باقی سبھی علاقوںمیں شبانہ پارہ نقطہ انجماد سے اوپردرج ہوا۔جے کے این ایس کے مطابق6تا12مارچ موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کے محکمہ موسمیات نے پیر کی صبح کہاکہ جموں وکشمیرمیں اگلے24گھنٹوں کے دوران آسمان صاف اورموسم خشک رہے گا۔اس دوران اتوار کی طرح ہی پیر کوبھی صبح سے ہی کشمیر وادی کے سبھی 10اضلاع اور پورے جموں صوبے میں دھوپ چھائی رہی ،اور دن کے درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ درج ہوا۔کشمیروادی میں دھوپ نکلنے کے باوجود ابھی سردی محسوس کی جارہی ہے تاہم جموں شہراوراسکے ،نواحی اضلاع بشمول اودھم پور،کٹھوعہ اور سانبہ میں دن کے وقت گرمی کی شدت میں تیزی آئی ہے ۔اس دوران اتوار اور پیرکی درمیانی رات کشمیر وادی میں درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی تاہم گلمرگ اور پہلگام کے بغیر باقی سبھی علاقوںمیں شبانہ پارہ نقطہ انجماد سے اوپردرج ہوا۔محکمہ موسمیات نے پیرکی صبح شبانہ درجہ حرارت کے حوالے سے جانکاری فراہم کی کہ گزشتہ رات سری نگرمیں کم سے کم درجہ حرارت3.5،قاضی گنڈمیں 2.0،پہلگام میں منفی2.0،کپوارہ میں 1.1،کوکرناگ میں3.1،گلمرگ میں منفی 1.6،کونی بل میں زیرﺅ اور ایم آبادمیں10.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔اسی طرح سے اتوار اور پیرکی درمیانی رات جموں شہرمیں کم سے کم درجہ حرارت 12.2، کٹرہ11.6، بٹوٹ7.2، بانہال 5.8 اور بھدرواہ میں 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ تھا۔