امریکی حکومت اور اس کے سفارت کار مستقبل کے اپنے بیانات میں ترکی کے نئے نام ‘جمہوریہ ترکیہ’ کا حوالہ دیا کریں گے۔ ترک حکومت کی جانب سے نام کی تبدیلی کی درخواست کے کئی ماہ بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے پانچ جنوری جمعرات کے روز اس بات کی تصدیق کی کہ امریکہ نے بھی سرکاری سطح پر اپنے نیٹو اتحادی ملک ترکی کے نام کی تبدیل شدہ نئی ہجے کو اپنا لیا ہے۔ واضح رہے کہ ترکی نے حال ہی میں اپنا نام بدل کر ترکی کے بجائے ترکیہ کر لیا تھا۔
ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی حکومت نے دنیا کے تمام ممالک اور بین الاقوامی اداروں سے نام کی تبدیلی کو اپنانے کے لیے کہا تھا، جس کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ شمالی امریکی ممالک میں ترکی(Turkey) ایک پرندے کا نام ہے جو، ایک مرغوب غذا بھی ہے۔ نام میں تبدیلی اسی مماثلت سے بچنے کی ایک کوشش ہے۔