اب تک 11لاکھ سیاحوں نے سیر کی جن میں ایک لاکھ کے قریب غیر ملکی سیاح بھی تھے
سرینگر /29دسمبر//پہلگام میں جاری سنو فیسٹول جو کہ 25دسمبر سے 31دسمبر تک جاری ہے میں لاکھوں ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے سیر کی جس دوران سیاحوں نے کشمیری دستکاری کی طرف خصوصی توجہ دی ۔ اس دوران محکمہ سیاحت کی جانب سے ہینڈی کرافٹس، کشمیری دستکاری اور فوڈ سٹال لگائے تھے شہر آفاق پہلگام میں ان دنوں سنو فیسٹول چل رہا ہے جو کہ 25دسمبر کو شروع ہوا اور 31دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس سنو فیسٹول کے اختتام کے ساتھ ہی یہاں نئے سال کی تقریب بھی منعقد کی جارہی ہے جس میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی کافی تعداد شامل ہورہی ہے ۔ محکمہ سیاحت کی جانب سے اس سنو فیسٹول میں سیاحوں کی دلچسپی کے لئے کئی طرح کے سٹال لگائے ہیں جن میں کشمیر ہینڈی کرافٹس اور دستکاری کے سٹال کے علاوہ فوڈ سٹال بھی ہیں ۔ یہاں پر کشمیری شال ، قالین ، پیپر ماشی ، اخروٹ کی لکڑی سے بنی چیزوں کے علاوہ کشمیری وازان اور ہریسہ بھی سٹال پر دستیاب ہے ۔ اس سلسلے میں چیف ایگزکیٹو آفیسر سید سجاد قادری نے کہا کہ اس فیسٹول کے انعقاد کا مقصد ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی وادی کی طرف توجہ مرکوز کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس فیسٹول میں لاکھوں سیاحوں نے آکر خریداری کی اور ملکی و غیر ملکی سیاحون کی بڑی تعداد یہاں پر آئی ہوئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ رواں برس پہلگام آنے والے سیاحوں کی تعداد قریباً11لاکھ رہی جس میں سے ایک لاکھ کے قریب غیر ملکی سیاحوں نے بھی پہلگام کی سیر کی ۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام میں 90فیصدی لوگ ٹورازم سے ہی وابستہ ہے اور بہتر ٹورسٹ سیزن لگنے سے ان کو بھی روزگار مئیسر ہوتا ہے ۔اس سلسلے میں ہوٹل مالکان نے سی این آئی کے نمائندے امان ملک کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر کسی بھی ہوٹل میں جگہ دستیاب نہیں ہے اور اگلے برس جو ن تک ہوٹلوں کی بکنگ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کافی تعاد میں سیاح یہاں آئے جس سے یہاں کے لوگوںکو بھی کافی راحت ملی ۔














