شوپیاں میں میوہ باغ سے پیر کی شام کو پُرا سرار طور پر لاپتہ ہوئے نوجوان کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد کی گئی۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لاش کو تحویل میں لے کر قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد وارثین کے حوالے کی گئی۔اطلاعات کے مطابق جنوبی ضلع شوپیاں کے نار پورہ گاوں میں پیر کی صبح اُس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب مقامی لوگوں نے سیب کے باغ میں نوجوان کی گولیوں سے چھلنی لاش پائی اور اس ضمن میں پولیس کو مطلع کیا۔ نمائندے نے بتایا کہ پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر اُس کی شناخت 30سالہ منظور احند ننگرو ساکن ہانجن راجپورہ پلوامہ کے بطور کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ متوفی اتوار کی شام کو گھر سے پُرا سرا رطور پر لاپتہ ہو گیا اور بسیار تلاش کے باوجود بھی اُس کا کئی پر اتہ پتہ نہیں چل سکا اور پیر کی صبح اُس کی لاش شوپیاں میں برآمد کی گئی ۔