بی ایس ایف اور پاکستانی رینجرس کے درمیان فلیگ میٹنگ
جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے ایک واقعے کے چند گھنٹے بعدبارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) اور پاک رینجرز نے منگل کو یہاں بین الاقوامی سرحد پر ایک فلیگ میٹنگ منعقد کی اور “موجودہ اصولوں” کا احترام کرنے پر اتفاق کیا۔بی ایس ایف کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل ایس پی ایس سندھو نے کہا کہ سرحد پر دوپہر 1بج کر45منٹ پر کمپنی کمانڈر سطح کی میٹنگ خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔اس سے قبل ، پاک رینجرز نے جموں ضلع کے ارنیہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد (آئی بی) پر بی ایس ایف کے اہلکاروں پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ تاہم حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔بی ایس ایف جموں کے پی آر او نے کہا، “بلا اشتعال فائرنگ کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں فریقوں نے سرحد پر زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں اطراف نے مستقبل میں موجودہ اصولوں کا احترام کرنے پر اتفاق کیا”۔ذرائع نے بتایا کہ دونوں ممالک کے افواج نے کنٹرول لائن پر ناجنگ معاہدے پر سختی کے ساتھ عملدرآمد کرنے پر اتفاق کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران دونوں ممالک کے افواج نے ایک دوسرے پر ناجنگ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگایا جس کے بعد دونوں ممالک کے عہدیداروں نے بتایا کہ مستقبل کے اس طرح سے واقعات سے بچنے کی خاطر سیز فائر معاہدے پر سختی کے ساتھ عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے گا۔














