سالانہ امرناتھ یاترا شروع ہوجاے گی جو قریب قریب دوماہ تک جاری رہ سکتی ہے اور اس کے بعد ہی جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کروائے جاسکتے ہیں کیونکہ الیکٹورل رولز پر نظر ثانی کا سلسلہ بھی شروع ہورہا ہے اور جب یہ ختم ہوجاے گا تب ہی انتخابی عمل کی شروعات ہوسکتی ہیں بہر حال امرناتھ یاترا کل سے شروع ہورہی ہے اور اس میں کئی لاکھ یاتریوں کے یہاں آنے کے امکانات ہیں ۔حکومت امرناتھ یاتریوں کی کامیاب یاترا کو ممکن بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر کاروائی کررہی ہے ۔یاتریوں کی پہلگام اور بال تل سے گپھا تک کے پہاڑی سفر کو راحت رساں بنانے کی ذمہ داری حکومت پر عاید ہوتی ہے اور جہاں تک یہاں پہنچنے والی اطلاعات کا تعلق ہے تو قدم قدم پر یاتریوں کے لئے میڈیکل ایڈ اور کھانے پینے کی اشیاءخاص طور پر پانی ،شربت اور جوس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سرکاری کارندے تیاری کی حالت میں ہیں اس ٹریک پر ایسا انتظام کیا گیا ہے کہ اگر رات کو بھی کسی یاتری کو طبی امداد کی ضرورت ہوگی تو محکمہ ہیلتھ کے ملازمین معہ ڈاکٹر صاحبان کو مستعدی دکھانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ یاتریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی خواہ کو کوئی بھی ہو کا سامنا نہ کرنا پڑ ے ۔امرناتھ ٹریک پر جو بیچ بیچ میں پڑاو قایم کئے گئے ہیں وہاں محکمہ ہیلتھ نے میڈیکل کیمپ قایم کئے ہیں اور ان کیمپوں میں ماہر ڈاکٹروں کے علاوہ ایکسرے اور دوسرے ٹیسٹ کروانے کی سہولیات بھی یاتریوں کے لئے دستیاب رکھی گئی ہیں ۔اس کے علاوہ گھوڑے والے اور ڈانڈی والے بھی یاتریوں کی خدمت میں دن رات حاضر رکھے گئے ہیں۔ جہاں تک یاتریوں کی حفاظت کا تعلق ہے تو اس کے لئے قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو متحرک کردیا گیا ہے ۔پولیس ذرایع نے بتایا کہ سالانہ امرناتھ یاترا میں شامل ہونے والے یاتریوں اور باقاعدہ گاڑیوں کی آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لئے سرینگر جموں شاہراہ پر اعلیٰ درجے کے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں تاکہ شرپسند عناصر پر کڑی نگاہ رکھی جاسکے ۔محکمہ ٹریفک نے ادھم پور سے بانہال تک 360ڈگری کے صلاحیت والے دس سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ہیں ۔اس کے علاوہ مشکوک افراد پر نظر گذر رکھنے کے لئے بھی پولیس نے الگ سے مختلف مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ہیں۔یہ امر ناتھ یاترا جو 19اگست کو اختتام پذیر ہوگی میں شامل ہونے والے یاتریوں کو راحت پہنچانے کے لئے جگہ جگہ خیمے نصب کئے گئے ہیں ۔مقامی آبادی ہر برس امرناتھ یاتریوں کے استقبال اور انہیں ہر طرح کی سہولیات پہنچانے کے لئے کمر بستہ ہوتی ہے ۔اس دوران یاتریوں پر بھی ماحولیات کے حوالے سے بھاری ذمہ داریاں عاید ہوتی ہیں ۔انہیں چاہئے کہ وہ ٹریک پر کوڑا کرکٹ ڈالنے سے گریز کریں اور صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں اس سے ماحول بھی آلودہ نہیں ہوگا اور یاتریوں کو بھی بہتر ماحول میں یاترا کرنے کا موقعہ مل سکتاہے ۔یاترا کو کامیاب بنانے کیلئے ایل جی انتظامیہ مستعدی کے ساتھ سرگرم ہے اور پہلگام کے علاوہ بال تل ٹریک پر جگہ جگہ لنگر قایم کئے گئے ہیں تاکہ یاتریوں کو کھانا وغیرہ حاصل کرنے میں کوئی مشکل یا دقت پیش نہ آسکے ۔












