آج پورے ملک میں یوم آزادی جو ش خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں مختلف تقریبات منعقد ہورہی ہیں ۔ان تقریبات کا مقصد دنیا کو یہ دکھانا ہے کہ بھارت نے آزادی حاصل کرنے کے بعد کس طرح مشکلات اور مسایل کے باوجود مختلف شعبوں میں ترقی کے جھنڈے گاڑ دئے ۔یہاں کے لوگوں نے اپنی محنت ،ایماندار ی اور فرایض کا بھر پور احساس کرتے ہوے اپنی ذاتی ذمہ داریوں کو ایک طرف چھوڑ کر قومی ذمہ داریوں کو بحسن خوبی نبھا کر دنیا کو یہ دکھایا کہ وہ قومیں کبھی کمزور نہیں ہوتیں اور ان قوموں کی حالت روز بروز نہیں بگڑتی جن قوموں کے لوگوں کو اپنی ذمہ داریاں اور فرایض نبھانے کا بھر پور احساس ہو وہ قومیں کبھی دوسروں کی دست نگر نہیں بنتی ہیں ۔ملک کے دوسرے حصوں کی طرح جموں کشمیر میں بھی یوم آزادی کے موقعے پر بخشی سٹیڈیم سرینگر اور مولانا آزاد سٹیڈیم جموں میں بڑی تقریبات منعقد ہورہی ہیں ۔سرینگر میں منعقد ہونے والی تقریب میں لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا قومی پرچم لہرائینگے اور خطاب کرینگے ۔اس سے قبل وادی بھر میں ترنگا ریلیاں منعقد ہوئیں اور میری مٹی میرا دیش عنوان کے تحت تقریبات پر ملازمین تاجروں طلبہ اور طالبات نے حلف اٹھایا کہ وہ ملک و قوم کی دل و جان سے خدمت کرینگے اور اپنے فرایض کی انجام دہی میں کسی بھی طرح کی کوتاہی یا غفلت شعاری کا مظاہرہ نہیں کرینگے ۔یوم آزادی سے ایک روز قبل وزیر داخلہ امیت شاہ نے بتایا کہ نوجوان بھارت کو عظیم قوم بنانے کیلئے خود کو وقف کریں۔انہوں نے کہا کہ اب ملک کیلئے مرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ ہم آزاد ہیں اور ہمیں اپنے ملک کیلئے جینے سے کوئی نہیں روک سکتاہے ۔وزیر داخلہ نے ایک تقریب پر تقریر کرتے ہوے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان کو آگے لے جانے کیلئے آزادی کا امرت کال کے پچیس سال بھارت کے لئے وقف کریں۔ادھر ترنگا ریلی سے خطاب کرتے ہوے منوج سنہا نے مجاہدین آزادی اور شہدا کو بھر پور خراج عقیدت ادا کرتے ہوے کہا کہ یہ ان ہی نوجوانوں کی عظیم قربانیوں کو نتیجہ ہے کہ آج ہم آرام سے اپنے گھروں میں رہتے ہیں اور اطمینان سے روز مرہ کے کام کاج کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر ایک روشن مستقبل کی طرف بڑھ رہا ہے ۔زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ ایک عزم کے ساتھ کام کررہے ہیں۔انہوں نے موجودہ دور میں نوجوانوں کے رول کو سراہتے ہوے کہا کہ قوم کے نوجوان اس کا مستقبل ہوتے ہیں اور جب قوم کے نوجوان زندگی گذارنے کے لئے سیدھا راستہ اختیار کرتے ہیں تو قومیں آگے بڑھتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے کشمیری نوجوانوں کی اہلیتوں اور صلاحیتوں کا بھر پور احساس ہے ۔ترنگا ریلی کے دوران چیف جسٹس نے بتایا کہ جموں کشمیر میں مثبت تبدیلی آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترنگا ریلیوں پر لوگوں کا ردعمل ظاہر کرتا ہے کہ کشمیر میں حالات معمول پر آگئے ہیں ۔غرض آج پورا ملک یوم آزادی منارہا ہے اور سب سے بڑی تقریب لال قلعے پر منعقد ہورہی ہے جہاں وزیر اعظم قومی پرچم لہراینگے اور خطاب کرینگے ۔یوم آزادی پر لوگوں کو اس بات کا عزم دہرانا چاہئے کہ وہ ہر صورت میں محنت و مشقت سے قوم کو آگے بڑھانے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرینگے ۔