بانہال میں جو دلخراش واقعہ رونما ہوا ہے اس سے ہر ذی حس انسان کی آنکھ نم ہوگئی ۔ہر چہرے پر اداسی چھاگئی ۔یہ واقعہ ہی اس نوعیت کا تھا کہ دل خون کے آنسو رونے لگا ۔ایک والدہ اپنے تین بچوں کے ساتھ سوگئی اور صبح ان چاروںکو مردہ حالت میں پایا گیا ۔اس خاتون کے دوبچے گھر سے باہر تھے اور وہی دونوں بچ گئے ۔اس طرح کے واقعات کی روک تھام ہم اچھی طرح کرسکتے ہیں لیکن اس معاملے میں غفلت شعاری برتی جارہی ہے ۔رات کے دوران نہ گیس ہیٹر ،نہ کویلے یا لکڑی کی بخاری ،اور نہ کوئی ہیٹر رات کو کمرے میں چالو رکھنی چاہئے کیونکہ اس سے کاربن ڈایکسائیڈ کا اخراج ہوتا ہے جو سانس کے ذریعے انسانی جسم میں داخل ہوکر اسے موت کی نیند سلادیتا ہے ۔آج کل سردیاں غضب کی پڑ رہی ہیںاور ان حالات میں سردیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہر کوئی کمرے کی کھڑکیاں اور دروازہ بند کرکے سوجاتاہے لیکن اس دوران کوئی بھی ایسی چیز جس سے گرمی حاصل ہوتی ہے وہ جلا کے رکھنا گویا موت کو دعوت دینے کے مترادف ہے اسلئے شام کو پوری طرح جب کمرہ گرم ہوجاے تو ہیٹر ،بخاری ،یا پاور کمبل بند کرنے کے بعد سوجانا چاہئے بصورت دیگر انسانی جان کی کوئی گارنٹی نہیں ۔اس دوران محکمہ صحت کی طرف سے موجودہ سرد سیزن کا مقابلہ کرنے کے لئے ہیلتھ ایڈوائیزری جاری کردی گئی ہے جس میں سب سے پہلے لوگوں سے تلقین کی گئی کہ وہ ہر صورت میں گرم ملبوسات استعمال کریں اور کوئی ایسی چیز کھانے سے احتراز کریں جس سے جسم میں سردی پیدا ہوجاے ۔ایڈوائیزری میں بتایا گیا کہ زیادہ سے زیادہ دالوں کا استعمال کریں اور قہوہ پیا کریں۔وادی میںدرجہ حرارت منفی رہنے کی وجہ سے لوگ پریشان ہوگئے ہیں ۔یہ سردی انتہائی مضر صحت ہے ۔اور یہ لوگوں کی زندگیوں کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے ۔نوزاید اور دیگر چھوٹے بچوں پر اس کے کافی برُے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں جبکہ عمررسیدہ لوگوں کو خاص طور پر احتیاط برتنی چاہئے ۔بچوں اور بوڑھوں کو صبح شام گرم کمروں میں رکھنا چاہئے اور انہیں باہر جانے کی اجازت نہیں دینی چاہئے ۔ایڈوائیزری میں بتایا گیا کہ گھروں سے باہر نکلتے وقت ہاتھوں میں دستانے رکھنے کے علاوہ اپنا منہ اور گلہ گلوبند سے اچھی طرح سے ڈھکنا چاہئے تاکہ سرد ہوا پھیپھڑوں میں نہ گھس پائے ۔پاوں میں موٹے قسم کی جرابوں کا استعمال کیا جانا چاہئے ۔کھانے پینے میں اعتدال کی سفارش کی گئی ہے گرم چیزوں کا استعمال کیا جانا چاہئے تاکہ جسم گرم رہ سکے ۔اس وقت درجہ حرارت دن کو بھی منفی رہتا ہے اسلئے جب تک اس طرح کا موسم رہے گا تب تک ہر صورت میں احتیاط برتنی چاہئے اور خاص طور پر اپنے گھروں کی طرف بھی دھیان دینا چاہئے کیونکہ آج کل آگ لگنے کی وارداتیں بھی رونما ہونے لگی ہیں اسلئے آتشزدگی سے بچنے کے لئے احتیاط برتی جانی چاہئے ۔











