وزیر داخلہ امیت شاہ نے کل یعنی 5اکتوبر کو بارہمولہ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوے جموں کشمیر کے موجودہ سیاسی اور اقتصادی حالات پر کھل کر بات کی اور لوگوں کو اس بات کا یقین دلایا کہ مرکزی حکومت اور حکومت جموں کشمیرعوامی مسایل حل کرنے کی وعدہ بند ہے اور لوگوں کو دونوں حکومتوں کی طرف سے اس بات کا یقین دلایا گیا کہ کشمیر کی ترقیاتی رفتار میں تیزی لائی جاے گی اور امن و امان قایم کرنے کے لئے کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جاے گا ۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ انتظامیہ کو کورپشن سے آزاد یعنی مکت کرنے کے لئے ہر ممکن کاروائی کی جاے گی ۔اس بارے میں انہوں نے انٹی کورپشن بیورو کے قیام کو بھی لازمی قرار دیا اور کہااس ایجنسی کو اس بات کے اختیار ات دئے گئے ہیں کہ وہ کورپٹ سرکاری افسروں اور اہلکاروں کو پکڑنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھایے کیونکہ کشمیر میں کو رپشن نے اپنی جڑیں کافی مضبوط بنائی ہیں ۔وزیر داخلہ امیت شاہ کل بارہ مولہ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے جلسے سے خطاب کے دوران کہا کہ کشمیر ی عوام کو سابق حکمرانوں نے بقول ان کے کچھ نہیں دیا جبکہ مودی ماڈل نے یہاں بے شمار پیسہ لگایا ۔ترقی کے دروازے کھول دئے اور بیروز گاروں کو روزگار دلایا گیا ہے ۔مسٹر شاہ نے جلسے میں کہا کہ پہلے یہ علاقہ دہشت گردی کا ہاٹ سپاٹ تھا جبکہ اب یہ ٹوارزم کا ہاٹ سپاٹ بن گیا جس سے نوجوانوں کے لئے روزگار کے نئے نئے مواقع پیدا ہوگئے ہیں ۔اس کے علاوہ انہوں نے اس سال سیاحوں کی وادی آمد کے بارے میں اعداد و شمار بھی پیش کئے ہیں۔دریں اثنا کشمیری نوجوانوں نے امیت شاہ کے اس اعلان کا خیر مقدم کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ سیاحت سے جڑے نوجوانوں کو روزگار کے نئے نئے مواقع دستیاب رکھے گئے ہیں ۔بہت سے نوجوانوں نے فون پر امیت شاہ کی اس تقریر کے اصل متن کو شایع کرنے کے لئے کہاتاکہ وہ وزیر موصوف کی طرف سے روزگار سے جڑے بیان کو پڑھ سکیں تاکہ انہیں معلوم ہوسکے کہ انہوں نے جو کچھ کہا ہے اس کے حصول کے لئے ان کو کیا کیا کرنا ہے ۔جہاں تک تعمیر و ترقی کے دور کا تعلق ہے تو امیت شاہ نے یہاں سوپور میں خواتین ،ہوکر سر ویٹ لینڈ میں فلڈ سپل چینل کے داخلی اور خارجی راستوں پر ہائیڈرولک گیٹس ،جل جیون مشن کے تحت ؛پانی کی پندرہ سکیموں کا سنگ بنیاد ،94سڑکیں ،سات پاور ٹرانسمیشن پروجیکٹس کے علاوہ ان کے پروگرام یعنی مصروفیات میں حضرتبل سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنا بھی شامل ہے ۔ انہوں نے 74کلومیٹر لمبی سڑکوں اور سات پلوں کا بھی افتتاح کیا ۔انہوں نے آئی پی ڈی بلاک سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔اس کے علاوہ بابا دریا دین گاندربل ،آلو پورہ شوپیان فیز ۱ اور اوڈینہ سمبل میں ٹرانزٹ رہایشی کمپلیکس کا بھی افتتاح کیا ۔