مجموعی سلامتی صورتحال کاجائزہ لینے کیلئےشام کو اہم میٹنگ
دراندازی کے واقعات، دہشت گردی مخالف اقدامات اور یاترا انتظامات پرغوروخوض
سری نگ/آپریشن سندورکے بعد مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ آج یعنی29مئی بروز جمعرات کو2روزہ دورے پر جموں پہنچیں گے ، جس کے دوران وہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جموں وکشمیرکی تازہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے اورگولہ باری سے متاثرہ سرحدی ضلع پونچھ کا دورہ کریں گے۔جے کے این ایس کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ29 اور30مئی کو جموں خطے کا دو روزہ دورہ کریں گے جس کے دوران وہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور سرحدی ضلع پونچھ کا دورہ کریں گے،جہاں شہری علاقوں میں پاکستانی گولہ باری سے13شہری ہلاک ہوئے تھے اور مکانات اور کاروباری اداروں کو بھاری نقصان پہنچا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق امت شاہ آج یعنی29 مئی کی شام جموں پہنچیں گے اور ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جموں و کشمیر خاص طور پر جموں خطہ کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور فوج، نیم فوجی دستوں، جموں و کشمیر پولیس، سول انتظامیہ اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سینئر افسران موجودہونگے۔میڈیارپورٹس کے مطابق میٹنگ میں مجموعی سلامتی صورتحال،دراندازی کے واقعات،انسداد دہشت گردی اقدامات اورسالانہ امرناتھ یاتراکے انتظامات کوزیرغور لایاجائے گا۔اس دوران معلوم ہواکہ امسال3جولائی سے9اگست تک ہونے والی امرناتھ یاترااوراس میں شامل ہونے والے یاتریوں کے لیے سیکورٹی کے انتظامات غیر معمولی ہوں گے۔بتایاجاتاہے کہ جمعرات کی شام جموںمیں مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کی صدارت میںہونے والی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں پہلگام حملے کے بعد سری نگر میں منعقدہ سکیورٹی سے متعلق سابقہ میٹنگ میں لیے گئے فیصلوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ڈوڈہ، کشتواڑ، کٹھوعہ، ادھم پور، راجوری اور پونچھ اضلاع کے بالائی علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی پائی گئی ہے اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف مقامات پر سیکورٹی فورسز کے ذریعہ رابطے قائم کئے گئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے کشتواڑ میں فوج کا ایک سپاہی جاں بحق ہوا تھا اور اس سے پہلے دہشت گردوں کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران اودھم پور ضلع کے ڈوڈو بسنت گڑھ میں ایک اور جوان اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھاتھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ 30مئی کو شاہ سرحدی ضلع پونچھ کا دورہ کریں گے تاکہ شہری علاقوں میں پاکستانی گولہ باری سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیں۔ وہ گولہ باری میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقات کریں گے،اور ممکنہ طور پر گولہ باری کے متاثرین کی بحالی اور بازآبادکاری کیلئے کچھ اقدامات کااعلان بھی کریں گے













