وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج صبح عازمین حج کے پہلے قافلے کو سری نگر کے شیخ العالم اِنٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ کیا اور ان کے محفوظ سفر اور مناسکِ حج کی بخوبی ادائیگی کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔وزیراعلیٰ آج علی الصبح شیخ العالم بین الاقوامی ہوائی اڈے سری نگر پہنچے جہاں اُنہوں نے روانگی سے قبل عازمین کرام سے بات چیت کی۔ مجموعی طور پر 178 عازمین کرام سعودی عرب کے لئے براہِ راست پرواز میں روانہ ہوئے۔اُنہوں نے عازمین کرام سے بات چیت کرتے ہوئے ان کی خیریت اور روحانی طور پر مکمل بابرکت حجِ بیت اللہ کی اُمید ظاہر کی ۔ اُنہوں نے اُن سے درخواست کی کہ وہ جموں و کشمیر میں دائمی اَمن، خوشحالی اور ترقی کی خاطر اوراَپنے لوگوں کے مصائب و مشکلات سے تحفظ کے لئے دُعا کریں۔وزیر اعلیٰ کے ہمراہ اُن کے مشیر ناصر اسلم وانی، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدوری اور دیگر متعلقہ اَفسران بھی تھے۔عازمین کرام نے حج ہاو¿س اور سری نگر بین الاقوامی ہوائی اَڈے دونوں مقامات پر کئے گئے عمدہ اور مو¿ثر انتظامات کے لئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ اَدا کیا۔ عازمینِ حج کی سہولیت کے لئے وسیع اِنتظامات کئے گئے ہیں جن میں آرام دہ ٹرانسپورٹیشن ،قیام و طعام، سامان کی تصدیق، سیکورٹی سکریننگ، ریفریشمنٹ ، کھانے، نماز کے اِنتظامات، سفری دستاویزات کی تقسیم اور بورڈنگ پاسز کا فوری اجرا¿شامل ہیں۔














