سری نگر، 27 اپریل (یو این آئی)شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں نامعلوم دہشت گردوں نے رہائشی مکان میں گھس کر ایک عام شہری پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ سنیچر کی شب کپواڑہ کے کنڈی خاص علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے 45 سالہ غلام رسول ماگرے کے گھر میں زبردستی داخل ہو کر اس پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔زخمی شہری کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اُسے سری نگرریفر کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔واقعے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی ہے ۔یہ واردات ایسے وقت پیش آئی ہے جب وادی کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے خلاف سیکورٹی فورسز نے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ جاری کارروائیوں میں اب تک چھ سے زائد دہشت گردوں کے مکانات کو دھماکہ خیز مواد سے منہدم کیا جا چکا ہے اور سینکڑوں مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے ۔













