نئی دلی/وزیردفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے این سی سی کیڈٹس کو بھارت کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے ، ان سے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے 2047 ء تک وکست بھارت کے ویژن کو حقیقت میں بدلنے کے لیے سخت محنت کرنے کے لیے کہا ۔ 20 جنوری ، 2025 ء کو دلّی کینٹ میں این سی سی ریپبلک ڈے کیمپ کے اپنے دورے کے دوران کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے ، رکشا منتری نے کہا کہ کیڈٹس، چاہے وہ کسی بھی میدان میں کام کریں، این سی سی کے ذریعے ان میں پروان چڑھائی گئی ’ قیادت ‘ ، ’ڈسپلن ‘ ، ’عزم ‘ اور ’حب الوطنی ‘ کی خصوصیات کے ذریعے ، ملک کی تعمیر میں تعاون کرتے ہیں ۔جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ’’ وزیر اعظم مودی نے 2047 ء تک ، بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کا عہد کیا ہے۔ وہ خود این سی سی کیڈٹ رہ چکے ہیں۔ اس لیے، اگر ایک سابق این سی سی کیڈٹ نے یہ خواب دیکھا ہے، تو یہ تمام دیگر کیڈٹس کی سب سے بڑی ذمہ داری بن جاتی ہے کہ وہ اسے پورا کریں۔ وکست بھارت کا مطلب کسی زمین کے ٹکڑے کی ترقی نہیں ہے؛ اس کا مطلب ہے 140 کروڑ بھارتی شہریوں کی ترقی، جو سماجی اور ثقافتی تنوع کے باوجود یکجہتی کے ساتھ رہتے ہیں۔ اپنے ساتھ ساتھ، ہمیں معاشرے کے لیے بھی کچھ اچھا کرنا چاہیے اور جلد ہی بھارت ایک ترقی یافتہ ملک بن جائے گا ۔ ‘‘رکشا منتری نے کیڈٹس کی عزم، ڈسپلن اور ملک سے ان کی محبت کی ستائش کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت جو کچھ بھی آج کے دن تک حاصل کر سکا ہے، وہ سبھی کے ، خصوصی طور پر نوجوانوں کی کاوشوں کی وجہ سے ممکن ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ جب بھی میں ، این سی سی کیڈٹس سے ملتا ہوں، میں ان میں صرف ایک کیڈٹ ہی نہیں دیکھتا۔ میں ، ان میں بھارت کی جھلک دیکھتا ہوں، جو کئی جسموں میں ایک روح، کئی شاخوں میں ایک جڑ اور کئی کرنوں میں ایک روشنی کا مظہر ہے۔ یہ کیڈٹس مختلف علاقوں سے آتے ہیں، مختلف زبانیں بولتے ہیں اور مختلف رسم و رواج و ثقافتوں کی پیروی کرتے ہیں لیکن ان میں جو چیز مشترک ہے وہ ہے ’یکجہتی ‘۔ ان کی توانائی اور جوش و جذبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کا مستقبل روشن ہے ۔جناب راج ناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ کئی ممالک بھارت کی آزادی کے وقت کے آس پاس آزاد ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ صرف وہی ملک آج ترقی کر رہے ہیں ، جنہوں نے ڈسپلن، ایمانداری اور قومی اتحاد کی قدروں کو برقرار رکھا، جب کہ جو ملک اس میں ناکام رہے ، وہ انتشار کا شکار ہو گئے ۔ انہوں نے این سی سی کی ان خوبیوں کو پروان چڑھانے کے لیے ستائش کی، جو ہر فرد کے لیے ضروری ہیں۔رکشا منتری نے کیڈٹس کو قیادت کا حقیقی مفہوم سمجھاتے ہوئے، میجر سندیپ اُنّی کرشنن کی چھبیس / گیارہ ممبئی حملوں کے دوران کی گئی شجاعانہ قربانی کا حوالہ دیا، جو آج بھی ملک کو تحریک دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ میجر اُنّی کرشنن کے اپنی ٹیم سے کہے گئے الفاظ ’اوپر مت آؤ، میں ان سے نمٹ لوں گا‘ ، نہ صرف ان کے فاتحانہ رویے اور انسانیت کے جذبے کی گواہی دیتے ہیں بلکہ ان کی قیادت کی صلاحیت کو بھی ظاہر کرتے ہیں۔ ایسے غیرمعمولی لمحات ، ایک عام شخص کو قائد بنا دیتے ہیں۔ این سی سی ان خوبیوں کو پروان چڑھاتا ہے۔ ‘‘












