برف پر مختلف کھیل مقابلے منعقد، بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کی شرکت
پلوامہ/ تنہا ایاز/ ضلع انتظامیہ پلوامہ کی جانب سے ونٹر سنو اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا تقریب کے دوران برف پر مختلف کھیل مقابلے منعقد ہوئے۔ مختلف علاقوں سے ائے ہوئے کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد نے ان کھیل مقابلوں میں حصہ لیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع انتظامیہ پلوامہ اور یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس پلوامہ کی طرف سے سی بی ناتھ شادی مرگ میں ونٹر سنو اسپورٹس فیسٹیول 2025 کا اہتمام کیا گیا جس میں کئی شخصیات نے شرکت کی۔فیسٹیول کا افتتاح ضلع سپورٹس افسر پلوامہ محمد قاسم نے کیا۔ اس موقع پر وادی کے نامور سپورٹس پرموٹر ڈاکٹر روف الرفیق، کامران ہیلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے چیرمین کامران خورشید کے علاوہ دیگر کئی افراد موجود تھے۔اس موقع پر اسنو کرکٹ ،اسنو کبڈی ،ٹگ اف وار اور دوڑ جیسے کھیل مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ برف پر کھیلے گئے ان مختلف کھیلوں میں بڑی تعداد میں کھلاڑیوں نے جوش خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ونٹر سپورٹس فیسٹیول میں یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے کئی ملازمین کے علاوہ مقامی لوگوں اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں نظامت کے فرائض سید جاوید اقبال نے انجام دئے۔نامور ماہر ماحولیات اور سپورٹس پرموٹر ڈاکٹر روف الرفیق نے ونٹر سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد پر ضلع انتظامیہ کی ستائش کی۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے سے نہ صرف سرمائی کھیلوں کو فروغ حاصل ہوتا ہے بلکہ کھلاڑیوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع بھی ملتا ہے۔ماہر ماحولیات کے ڈاکٹر روف الرفیق نے مزید بتایا کہ ضلع پلوامہ میں سی بی ناتھ شادی مرگ جیسے بہت سے خوبصورت مقامات ہیں اور ان مقامات کو سیاحتی نقشہ پر لانے کی ضرورت ہے ضلع سپورٹس افسر پلوامہ محمد قاسم نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اس سپورٹس فیسٹیول کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو منشیات کی وبا اور غلط کاموں سے دور رکھنا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ فیسٹیول میں مقامی لوگوں نے بڑھ چڑھ کر شرکت کی اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔تقریب کے اخر پر ضلع سپورٹس افسر اور سپورٹر پرموٹر ڈاکٹر روف الرفیق نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسم کئے۔














