نئی دلی۔ ؍ ۔محنت و روزگار ، نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے آج نئی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ای-شرم پورٹل پر کثیر لسانی کارکردگی کا آغاز کیا۔ ای شرم کو ‘ون اسٹاپ سولیوشن’ بنانے کے وژن کے مطابق، یہ پورٹل اب تمام 22 درج شدہ زبانوں میں دستیاب ہوگا۔ اس تقریب میں وزارت محنت اور روزگار کی سکریٹری اور کئی سینئر افسران نے شرکت کی۔ یہ ملک میں غیر منظم کارکنان کو ہمہ جہت سماجی تحفظ فراہم کرنے کی سمت حکومت کی کوششوں کے تئیں ایک اور سنگ میل ہے۔ای-شرم پورٹل کو22 زبانوں میں اپ گریڈ کرنے کے لیے ایم ای آئی ٹی وائی کے بھاشینی پروجیکٹ سے استفادہ کیا گیا ہے۔ پچھلا ورژن صرف انگریزی، ہندی، کنڑ اور مراٹھی زبان میں دستیاب تھا۔اپنے خطاب میں، ڈاکٹر مانڈویا نے ای-شرم پورٹل پر بڑھتے اعتماد کو اجاگر کیا اور کہا کہ پورٹل پر غیر منظم کارکنان کے ذریعہ یومیہ اوسطاً 30،000 سے زیادہ رجسٹریشن کئے گئے ہیں۔ مرکزی وزیر نے تمام غیر منظم کارکنوں سے ان کی فلاح و بہود، روزی روٹی اور خوشحالی کےلئے بنائی گئی مختلف سرکاری اسکیموں کا فائدہ حاصل کرنے کے سلسلے میں بنائی گئی ای-شرم پورٹل پر رجسٹر کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پورٹل پر رجسٹریشن سے سماجی تحفظ کی اسکیموں اور اقدامات کے وسیع ذرائع تک رسائی آسان ہو جائے گی۔ اب ای- شرم پورٹل کے ذریعے حکومت ہند کی 12 اسکیموں تک رسائی آسان ہو گئی ہے۔ زیادہ سے زیادہ رسائی اور بلا رکاوٹ صارف پر مرکوز تجربے کو یقینی بنانے کے لئے ڈاکٹر مانڈویا نے کہا کہ کامن سروس سینٹرز، بینک کریس پونڈنٹس، پوسٹ آفس، مائی بھارت رضاکاروں وغیرہ جیسے ثالثوں کی شمولیت کا پتہ لگایا جائے گا۔














