متاثرین کے حق میں 10لاکھ سے زائد رقم منظور
سرینگر/ڈی سی سرینگر کی صدارت میں ڈسٹرکٹ لیول اسکریننت کم کوآرڈینیشن کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ملٹنسی کے واقعات سے متعلق کیسوں کا نپٹارہ کیا گیا اور متاثرین کے حق میں 10لاکھ 39ہزار روپے منظور کی گئی ۔ایک سرکاری بیان کے مطابق ڈسٹرکٹ لیول اسکریننگ کم کوآرڈینیشن کمیٹی کی ایک میٹنگ ڈی سی آفس کمپلیکس میں عسکریت پسندی سے متعلق واقعات کے معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے یہاں میٹنگ ہال میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ،ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید احمد کٹاریہ، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عمر شاہ، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر مختار احمد، ڈپٹی سی ایم او ڈاکٹر نگہت، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصفہ کے علاوہ بی ایس ایف، فوج اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران عسکریت پسندی سے متعلقہ واقعات کے متاثرین کے 06 کیسز زیر بحث آئے۔ کمیٹی نے تفصیلی غور و خوض کیا اور مکمل جانچ پڑتال کے بعد 05 کیسوں کے حق میں 10,39,359کی رقم منظور کی گئی جن میں موت/لاپتہ/زخمی/املاک کو نقصان پہنچانے اور ضلع سری نگر کے SRO-43 کیسز شامل ہیں۔ کمیٹی نے ایس آر او 43سے متعلق ایک کیس کی دوبارہ تصدیق کے لیے بھی سفارش کی۔اس موقع پر ڈی سی نے افسروں پر زور دیا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کو راحت فراہم کرنے کے لیے مقدمات کی بروقت منظوری کو یقینی بنائیں۔