ملزم کو ڈھونڈنے کےلئے پولیس متحرک
سرینگر/بمنہ میں بدھ کے روز اُس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ایک شخص نے دو نوجوانوں پر چھری سے حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کرکے خود جائے موقع سے فرار ہونے میںکامیاب ہوا ۔ معلوم ہوا ہے کہ سرینگر کے بمنہ علاقے میں بدھ شام 4:30بجے کے قریب ایک شخص نے دو نوجوانوں حنان ظہور اور محران مشتاق پر حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا ۔ زخمی نوجوانوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کا علاج و معالجہ جاری ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حملہ آور ضلع کپوارہ سے تعلق رکھتا ہے جو موقع سے فرار ہوا ۔ تاہم پولیس نے ملزم کو پکڑنے کےلئے بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے ۔ ادھر پولیس نے اس ضمن میں متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرلیا ہے ۔ واضح رہے کہ وادی میں چھری زنی کے واقعات تشویشناک حد تک بڑھ رہے ہیں جبکہ سرینگر میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے تیز دھار والے ہتھیاروں جیسے چھری ، وغیرہ کی خرید و فروخت پر پہلے ہی پابندی عائد کردی ہے ۔