نئی دلی/ وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ مرکزی کابینہ نے بدھ کے روز جی 20 سربراہی اجلاس کو ایک زبردست کامیاب بنانے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی۔وزیر اعظم مودی کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ٹھاکر نے کہا کہ یہ قرارداد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پیش کی تھی اور اسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا تھا۔کابینہ نے نوٹ کیا کہ جی 20 سربراہی اجلاس کی کامیاب میزبانی پورے ملک کے لیے بڑے فخر کی بات ہے جس میں وزیر اعظم مودی کی طرف سے تجویز کردہ متعدد اقدامات جیسے گلوبل بائیو فیولز ایسوسی ایشن کا آغاز اور افریقی یونین کو اس بلاک میں شامل کرنا اتفاق رائے سے اپنایا گیا ہے۔ اس سے پہلے مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لئے گئے ۔ میٹنگ میں مرکزی کابینہ نے جی 20 سمٹ کی کامیابی پر وزیر اعظم مودی کو مبارکباد دینے کے لیے قرارداد منظور کی۔ مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں لئے گئے اہم فیصلوں کی معلومات دیتے ہوئے اطلاعات ونشریات مرکزی وزیر جناب زیر انوراگ ٹھاکر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ حکومت نے پردھان منتری اجولا یوجنا کے تحت خواتین کو ایل پی جی کنکشن فراہم کرنے کے لیے گرانٹ جاری کرنے کو منظوری دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی کابینہ نے ای کورٹس پروجیکٹ فیز۔III کو مرکزی اسکیم کے طور پر 7,210 کروڑ روپے کے مالی اخراجات کے ساتھ چار سالوں میں لاگو کرنے کی منظوری دی۔ جناب ٹھاکر نے بتایا کہ اجولا سکیم کے تحت 3 سالوں میں 75 لاکھ ایل پی جی کنکشن جاری کیے جائیں گے جن پر 1,650 کروڑ روپے کا مجموعی مالی اثر ہوگا۔














