سرینگر//4جولائی / / ایئر لائن کمپنی گو فرسٹ نے منگل کو اپنی طے شدہ پروازوں کی منسوخی میں 10 جولائی تک توسیع کرنے کا اعلان کیاہے ۔ ایئر لائن جو دیوالیہ پن کے حل کے عمل سے گزر رہی ہے، نے 3 مئی کو پروازیں بند کر دیں اور اس کے بعد سے اس نے پروازوں کی منسوخی میں کئی بار توسیع کی ہے۔اس سے قبل اس نے 6 جولائی تک تمام پروازیں منسوخ کر دی تھیں۔ٹی ای این کے مطابق ایک بیان میںگو فرسٹ ایئر لائنز نے کہاکہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے افسوس ہے کہ آپریشنل وجوہات کی بنا پر10 جولائی 2023 تک طے شدہ ہماری پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ہم پرواز کی منسوخی کی وجہ سے ہونے والی زحمت کے لیے معذرت خواہ ہیں۔گزشتہ ہفتے گو فرسٹ کی موجودہ انتظامیہ کے سینئر نمائندوں نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) کے عہدیداروں کے ساتھ بحالی کے منصوبے کے مختلف پہلوو¿ں پر تبادلہ خیال کیا۔کمپنی نے فوری حل اور آپریشنز کی بحالی کے لیے درخواست دی ہے۔ایوی ایشن واچ ڈاگ ڈی جی سی اے پروازوں کی بحالی کے منصوبے کو منظور کرنے سے پہلے 4 سے 6 جولائی تک قومی دارالحکومت اور ممبئی میں گو فرسٹ کی سہولیات کا خصوصی آڈٹ بھی کرے گا۔ ایک رپورٹ کے مطابق ڈی جی سی اے کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ 28 جون کو ریزولوشن پروفیشنل (آر پی) کی جانب سے گو فرسٹ کے لیے پیش کردہ بحالی کے منصوبے کے ابتدائی جائزہ کے بعد، ریگولیٹر نے ایک خصوصی آڈٹ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔4 سے 6 جولائی تک ہونے والا خصوصی آڈٹ حفاظت سے متعلق پہلوو¿ں اور ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ رکھنے کی ضروریات کی مسلسل تعمیل کے ساتھ ساتھ فلائٹ آپریشن کی بحالی کے لیے کیے گئے انتظامات کی جسمانی تصدیق پر توجہ مرکوز کرے گا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گوفرسٹ کمپنی کے دیوالیہ پن کی وجہ سے فضائی سفر مہنگا ہوگیا ہے ۔