زمین پر تین انچ سفید پرت جمع ہوئی ، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے
شوپیاں کے کاپرن اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ہفتے کی سہ پہر قہر انگیز ژالہ بھاری سے سیب کے باغات کو نقصان پہنچا۔ ژالہ بھاری کی شدت کا اس بات سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا تھا کہ زمین پر تین انچ سفید پرت جمع ہوئی اورا یسا لگ رہا تھا کہ علاقے میں برف باری ہوئی ہے۔ ہفتے کی سہ پہر کو پہاڑی ضلع شوپیاں کے کاپرن، رے کاپرن ، بٹہ گنڈ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں شدید ژالہ بھاری کا سلسلہ شروع ہوا جو کافی دیر تک جارہا تھا۔ نمائندے نے بتایا کہ ژالہ بھاری کی وجہ سے سیب کے باغات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور باغ مالکان خون کے آنسو رونے پر مجبور ہوئے۔ نامہ نگار نے بتایا کہ دس منٹوں تک جاری ژالہ بھاری نے علاقے میں خوف وہراس کا ماحول پیدا اور ژالہ بھاری اس قدر شدید تھی کہ زمین پر تین انچ سفید پرت جمع ہوئی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ ایسی ژالہ بھاری پہلی دفعہ دیکھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میوہ باغات کے نقصان کا جائزہ لینے کی خاطر فوری طورپر ٹیموں کو روانہ کیا جانا چاہئے۔














