عید گاہ کے منبر کو جدید خطوط پر تعمیر کیا جائے گا۔ درخشاں اندرابی
سرینگر/وقف بورڈ چیرپرسن درخشاں اندرابی نے کہا ہے کہ عید گاہ سرینگر کو شاہ ہمدان کے نام سے منسوب کرکے شاہ ہمدان عید گاہ رکھا جائے گا۔ انہوںنے بتایاکہ عید گاہ کو جدید طرز پر استوار کیا جائے گا خاص کر اس کے منبر کو جدید طرز پر تعمیر کیا جائے گا۔ درخشاں اندرابی نے کہا ہے کہ عید الفطر کی نماز عید گاہ میں انجام دی جائے گی تاہم اس کےلئے ضروری ہے کہ موسم سازگار ہو۔ انہوں نے بتایا کہ وادی میں اب تشدد کےلئے کوئی جگہ نہیں ہے اور ناہی کسی کو عوامی مقامات کو غلط مقاصد کےلئے استعمال کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ وقف چیرپرسن نے مزید کہا کہ عید گاہ سرینگر کو یہاں کے لوگوں کےلئے میر سید علی ہمدانیؒ نے وقف کیا تھا لھٰذا اس کا نام بھی ان ہی کے نام پر ہونا چاہئے ۔ وقف بورڈ کی چیئرپرسن نے کہاکہ تاریخی میدان سے سبھی واقف ہےںاور اس تاریخی میدان کی حالت واقعات اور حالات کی وجہ سے تبدیل ہوئی ہے اوراس کی عظمت رفتہ شان وشوکت بحال کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوںنے کہاکہ عید گاہ سرینگر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کےلئے پہلے ہی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔ انہوںنے جامع مسجد سرینگر کے حوالے سے بتایا کہ اگر حالات اجازت دیتے ہیں تو جمعت الوداع کی نماز جامع مسجد میں اداکی جائے گی البتہ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر میںرہتے ہیں جہاں پر اب تشدد کےلئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ عید الفطر کی نماز کے حوالے سے انہوںنے بتایا کہ سرکار عید گاہ میں نماز عید اداکرنے کی مخالف نہیں ہے تاہم اس کےلئے موسم کی بہتر صورتحال ضروری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وقف انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ سرینگر نے پہلے ہی عید گاہ میں نماز عید اداکرنے کے حوالے سے اقدامات اُٹھائے ہیں اور وہاں پر صفائی وغیرہ کا کام بھی شروع کیا گیا ہے لیکن موسم کی صورتحال کی وجہ سے اس میں تھوڑی رکاوٹ ضرور ہوئی ہے ۔ درخشاں نے اس بات کو پھر دوہرایا کہ عید گاہ ایک ملی جائیداد ہے جس پر ناجائز قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔














