سری نگر، 7 فروری/۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے منگل کو لوک سبھا کو بتایا کہ مختلف سرکاری محکموں میں دسمبر 2022 تک 25,450 آسامیاں پُر کی گئی ہیں جبکہ بھرتی کرنے والی ایجنسیوں نے 2023 میںجموں و کشمیر میں بھرتی کے لیے 7,976 آسامیوں کا اشتہار دیا ہے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں کہا کہ جموں و کشمیر کی حکومت میں گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ زمروں کی 33,426 آسامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں سے 25,450 آسامیوں کو پُر کیا گیا۔ بھرتی کرنے والی ایجنسیوں نے بھرتی کے لیے 7,976 آسامیوں کا اشتہار دیا ہے۔وزیر نے کہا کہ جموں و کشمیر کی حکومت نے کئی گورننس اصلاحات کی ہیں جن میں سرکاری بھرتی کے شعبے بھی شامل ہیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کی تشکیل کے بعد بڑے پیمانے پر بھرتی مہم انتہائی شفاف طریقے سے چلائی گئی ہے۔