بجبہاڑہ میں مختصر تصادم کے دوران دو مقامی ملی ٹینٹ ہلاک /اے ڈی جی پی وجے کمار
جنوبی ضلع اننت ناگ کے تھجوارہ بجبہاڑہ گاوں میں چانس انکاونٹر کے دوران 2 مقامی جنگجو مارے گئے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ بدھ کی سہ پہر کو تھجوارہ بجبہاڑہ میں ایک مختصر گولیوں کے تبادلے میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔ا±ن کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت فیاض کمار اور اویس خان کے بطور ہوئی اور دونوں ممنوع تنظیم انصار الغزوتہ الہند کے ساتھ وابستہ تھے۔انہوں نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور ا±نہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش تھے۔کشمیر پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر اے ڈی جی پی وجے کمار کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ 3 جولائی 2022 کو مہلوک ملی ٹینٹوں نے سریگفوارہ میں سیکورٹی فورسز پر حملہ کیا جس دوران فردوس ڈار نامی پولیس اہلکار زخمی ہوا تھا۔ا±ن کے مطابق 12اگست 2022 کو دارا شکوہ پارک بجبہاڑہ گرینیڈ حملے میں بھی مہلوک ملی ٹینٹوں کا ہاتھ رہا ہے جبکہ 15جون 2022 کو پادشاہی باغ بجبہاڑہ گرینیڈ حملے میں بھی دونوں ملوث رہے ہیں۔ تصادم کی جگہ قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔بتادیں کہ پیر کے روز اننت ناگ کے پوش کریری گاوں میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں حزب سے وابستہ دو انتہائی مطلوب ملی ٹینٹ مارے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی کشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں اور اُن کے مدد گاروں کے خلاف آپریشنز میں شدت لائی گئی ہے ۔












