مرکزی وزیر مملکت براے سیاحت جے کشن ریڈی نے گذشتہ دنوں نئی دہلی میں ایک تقریب پر تقریر کرتے ہوے کہا کہ حکومت جموں کشمیر میں سیاحتی صنعت میں تیزی لانے کی غرض سے جامع قومی سیاحتی پالیسی تیار کررہی ہے ۔مرکزی وزیر نے کہا کہ جموں کشمیر میں بڑے بڑے آبی ذخائیر ہیں اسلئے اس خطے میں بھی کروز سیاحت کی صنعت میں سرمایہ کاری کے لئے بین الاقوامی سطح پر اقدامات اٹھاے جاینگے ۔مرکزی وزیر نے کہا کہ مقامی سیاحت کو زیادہ فروغ دیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں آج ریکارڈ توڑ سیاح وادی کی سیاحت پر آرہے ہیں ۔انہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ کروز صنعت کو فروغ دینے کے لئے ایک خاکہ تیار کریں تاکہ ماہرین کے ساتھ صلاح مشورے کے بعد جموں کشمیر میں اس سیاحتی صنعت کو فروغ دیا جاسکے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو کشمیر کی سیاحت کے لئے مایل کرنے کی کوشش کی جاے گی ۔وزیر موصوف نے کہا کہ وادی کشمیر میں چشمے ،ندی نالے ،دریا اور پانی کی میٹھی میٹھی جھیلیں ہیں جن کے ہوتے ہوے کروز سیاحت کو فروغ دینے میں حکومت کو زیادہ پیسہ یا پریشانی اٹھانی نہیں پڑ سکتی ہے ۔کشمیر پوری دنیا میں اپنی خوبصورتی کی وجہ سے مشہور ہے ۔قدرت نے اسے جو حسن دیا ہے وہ کہین اور نظر نہیں آتا ہے ۔لیکن افسوس کا مقام یہ ہے کہ خوبصورتی کے اس مجسمے کی قدر نہیں کی جارہی ہے یعنی اب تک ہر حکومت اس کی خوبصورتی میں چار چاند لگانے کی باتیں تو کرتی رہیں لیکن عملی طور پر اس کی طرف کم توجہ دی گئی ۔اگر ہمارے پاس گلمرگ اور سونہ مرگ جیسی قدرتی اور خوبصورتی قدرتی نظاروں سے لیس چراگاہیں ہیں تو پھر ان کی قدر کی جانی چاہئے تھی لیکن ایسا نہیں کیا جارہا ہے ۔ایک مشہور انگریزی مقولہ ہے کہ what ever is natural is rightلیکن گلمرگ اور سونہ مرگ ،پہلگام اور اسی نوعیت کے دوسرے سیاحتی مقامات پر اس قدر ہوٹل ،گیسٹ ہاوس اور دکانیں وغیرہ تعمیر کی گئین کہ انسان حیران ہوجاتا ہے ۔وہ کھلے میدان ،و ہ سرسبز ڈھلوانیں ،حد نگاہ تک پھیلی ہوئیں چراگاہیں کہیں نظر نہیں آتی ہیں بلکہ اب ان سیاحتی مقامات پر چاروں اور ہوٹل ،گیسٹ ہاوس وغیرہ نظر آتے ہین جو اگرچہ انتہائی خوبصورت ہیں لیکن سیاحتی نکتہ نگاہ سے ان کی قدرتی نظاروں کے سامنے کوئی قدر نہیں کوئی وقعت نہیں ۔ان کی موجودگی کو سرے سے ہی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے لیکن حکومت نے سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھ کر ان کی تعمیر پر کوئی روک ٹوک نہیں لگائی ہے ۔اسی طرح اس وقت ابھی تک دودھ پتھری جیسا سیاحتی مقام تعمیرات سے بچا ہوا ہے لیکن جب سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جاے گا اس جگہ بھی تعمیرات کا سلسلہ شروع ہوگا ۔اب جبکہ مرکزی وزیر مملکت براے سیاحت نے جے کشن ریڈی نے جموں کشمیر اور خاص طور پر وادی میں کروز سیاحت کو بڑھاوا دینے کی بات کی ہے لوگ اس بات کا انتظار کررہے ہیں کہ کب کروز سیاحت شروع ہوجاے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح وادی کی سیاحت پر آکر یہاں کے قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہوسکیں ۔