آج کل موسم کچھ ایسا ہوگیا ہے کہ صبح سویرے زبردست دھند ہوتی ہے اور حدنگاہ بہت کم ہوتی ہے ۔سردی تو ہوتی ہی ہوتی ہے لیکن نزدیک کی چیز بھی دکھائی نہیں دیتی ہے ۔اس سلسلے میں سب سے زیادہ مسلہ گاڑیاں چلانے والوں کو ہوتاہے ۔کیونکہ گہری دھند کے دوران گاڑیاں چلانا انتہائی مشکل ہوتاہے کیونکہ دھند اور حادثات کا چولی دامن کا ساتھ ہوتاہے ۔چنانچہ حکومت نے اس موقعے پر گاڑیاں چلانے والوں کے نام ایک اہم ایڈوائیزری جاری کردی ہے جس میں ڈرائیوروں کو مشورہ دیا گیا اور تلقین کی گئی کہ وہ گہری دھند میں گاڑیاں چلاتے وقت بعض اہم باتوں کا خیال رکھیں اور اگر ان پر عمل کیا جاے گا تو حادثات کی شرح نچلی سطح پر پہنچ جاے گی۔اس وقت دھند میں اکثر دیکھا جارہا ہے کہ گاڑیاں چلانے والوں میں سے بعض لوگ دوسروں کو زندگیوں اور اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر اس تیز رفتاری سے گاڑیاں چلاتے ہیں کہ کسی بھی وقت حادثات جنم لے سکتے ہیں ۔یہ لوگ بھول جاتے ہیں کہ ان کے اس دیوانے پن سے جانی نقصان کے ساتھ ساتھ مالی نقصان بھی ہوسکتاہے اسلئے ان کو ایسا کرنے سے احتراز کرنا چاہئے ۔سرکاری طور پر جو ایڈوائیزری جاری کردی گئی اس میں 10نکات شامل کئے گئے جن پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے ۔گاڑیاں چلانے والوں سے کہا گیا کہ وہ جب دھند میں گاڑیاں چلارہے ہوں تو انہیں ہر صورت میں اپنی لین پر قایم رہنا چاہئے اگر کوئی ڈرائیور لین سے ہٹ جاے گا تو حادثات پیش آسکتے ہیں ۔کار پارک کرنے کے بعد اگر سڑک کراس کرنی ہو تو دائیں بائیں پوری طرح دیکھ لیں کہ کہیں دائیں بائیں سے گاڑیاں سکوٹر وغیرہ تو نہیں آرہے ہیں ۔جبکہ اس کے ساتھ ہی ایڈوائیزری میں زیادہ زور تیز رفتاری سے گاڑیاں نہ چلانے پر دیا گیا ۔گاڑیاں چلانے والوں سے اپیل کی گئی کہ وہ کسی بھی صورت میں تیز رفتاری کا مظاہرہ نہ کریں سڑک پر توجہ دیں اور پورا دھیان ڈرائیونگ پر مرکوز رکھیں ۔گاڑی میں بیٹھے دوست و احباب یا گھروالوں سے کم باتیں کریں سڑک سے توجہ ہٹانے سے گریز کریں ۔گاڑیاں جو رات بھر پارک کی ہوئی ہوتی ہیں ان پر صبح کے وقت ایک تو گرد و غبار جمع ہوتا رہتا ہے اس کے علاوہ ان پر پانی کی چھینٹیں جمع ہوجاتی ہیں جو صرف اسی صورت میں صاف ہوسکتی ہیں جب ان پر صاف کاٹن کا کپڑا پھیرا جاے ۔اس سے ونڈ شیلڈ صاف ہوتا ہے جبکہ کھڑکیوں کے شیشے بھی صاف رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔اگر ایسا نہیں ہوگا تو گاڑی چلانے والے کو آگے پیچھے کیا ہورہا ہے کی جانکاری نہیں ہوگی اور یہ بھی حادثے کی بنیا دی وجہ ہوسکتی ہے ۔آج کل کے نوجوان بلاسوچے سمجھے دائیں بائیں جہاں سے بھی تھوڑی بہت جگہ نظر آجاے اوور ٹیکنگ کرتے ہیں یہ بھی حادثے کی وجہ بن سکتی ہے ۔اس سے بچنا ضروری ہے ۔گہری دھند میں گاڑی چلاتے ہوے ہیڈ لائیٹس کو lowبیم پر رکھیں کیونکہ اگر وہ ایسا نہیں کرینگے تو خدا نخواستہ مخالف سمت سے آنے والی گاڑی کا ڈرائیور اسی کی کار پر چڑھ سکتاہے اسلئے اس ایڈوائیزری پر بھی عمل درآمد کی بے حد ضرورت ہے ۔اندھیرے میں گاڑی چلاتے وقت سڑک پر توجہ رکھیں اور چیونگم گاڑی چلانے والے کو بیدار اور توجہ مرکوز رکھنے میں مدد دے سکتی ہے ۔ٹائیروں اور بریکوں کی حالت بھی بہتر رکھیں تاکہ دھند اور عام حالات میں حادثات سے بچا جاسکے ۔