وادی میں موسم کی وجہ سے سردیوں کے ایام میں زیادہ ترقیاتی کام نہیں ہوپارہے ہیں کیونکہ شدت کی سردی میں زیادہ کام نہیں کیا جاسکتاہے اور دوسری بات یہ ہے دن بہت ہی چھوٹے ہوتے ہیں اور بلیک ٹاپنگ اور سیمنٹ کا کام اچھی طرح سے نہیں ہو پاتاہے ۔ماہرین تعمیرات کا کہنا ہے کہ بہتر ہے کہ تعمیراتی کام اس درجہ حرارت میں کئے جائیں جو صفر سے نیچے نہ ہو ۔یہاں تو اب ایسی سردیاں پڑنے لگی ہیں کہ تقریباً دو مہینے تک درجہ حرارت صفر سے نیچے چلاجاتاہے ۔بہرحال وادی میں تعمیر و ترقی کی رفتار جاری ہے اور بہت سے پروجیکٹوں پر کام چل رہا ہے چنانچہ کل ہی ڈویثرنل کمشنر نے مختلف سائیٹوں پر جاکر از خود کام کی رفتار کا جائیزہ لیا اور موقعے پر ہی وہاں انجنئیروں اور دوسرے لوگوں کو ہدایات بھی دیں ۔اس وقت شہر میں کئی اہم پروجیکٹوں پر کام چل رہا ہے لیکن کام کی رفتار دیکھکر ایسا لگتا ہے کہ یہ پروجیکٹ تاخیر سے پایہ تکمیل تک پہنچ سکتے ہیں ۔ڈویثرنل کمشنر نے کل بمنہ اور نوگام فلائی اوورز پر ہورہے کام کا جائیزہ لیا اور وہاں موجود انجنئیروں اور دوسرے عملے کو مقررہ مدت کے اندر اندر ان پروجیکٹوں کو مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔یہ پروجیکٹ انتہائی اہم اور حساس ہیں یعنی ان پروجیکٹوں میں تاخیر سے لوگوں کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں ۔ٹریفک میں زبردست خلل پڑسکتا ہے ۔اس وقت بھی بمنہ بائی پاس اور نوگام میں فلائی اوورز پر کام کے نتیجے میں ٹریفک جامنگ روز مرہ کا معمول بنتا جارہا ہے ۔بمنہ کراسنگ پر بڈگام خمینی چوک سے بھی ٹریفک آتا ہے جبکہ دوسرے علاقوں سے بھی گاڑیاں آتی ہیں جس کی وجہ سے اس قدر مشکلات پیش آتی ہیں کہ بعض لوگوں نے اب اپنی گاڑیاں نکالنے کا سلسلے بند کیا ہوا ہے ۔نہ تو طلبہ اور طالبات اور نہ ہی ملازمین وقت پر تعلیمی اداروں اور دفاتر پہنچ پاتے ہیں اسی طرح نوگام چوک میں بھی اسی طرح یعنی ٹریفک جامنگ کے نظارے روز روز دیکھنے کو ملتے ہیں اسلئے ڈویثرنل کمشنر نے جس طرح متعلقہ عملے کو ان دونوں فلائی اوورز کے کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی اس سے ایسا لگتا ہے کہ وقت مقررہ پر دونوں فلائی اوورز پر کام اختتام پذیر ہوگا اور دونوں کو گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے کھولا جاے گا۔انہوں نے ان کی تکمیل پر زور دیتے ہوے کہا کہ ان اہم جنکشنوں پر ٹریفک کی روانی کو آسان بنایا جاسکے ۔انہوں نے بائی پاس پر گاڑیوںکوبلا روک ٹوک چلانے کے لئے فلائی اوورز کے مین اوور پاس سڑکوں پر میٹلنگ اورمیکڈیمازیشن کی ہدایات دیں۔ڈویثرنل کمشنر نے پارکنگ سلاٹ ،آئی ٹی ایم ایس کیمروں کی تنصیب کے معاملے پر بھی متعلقہ حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔لیکن اہم پروجیکٹ جو سالہا سالوں سے التوا میں پڑا ہے اس پر اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے وہ ہے دریائے جہلم پر نئے سیمنٹ پل کی تعمیر ۔اب تک اس پل کو قابل آمد و رفت نہیں بنایا جاسکاہے غالباً گذشتہ تیس برسوں سے اس پل پر کام چل رہا ہے لیکن یہ ابھی تک پایہ تکمیل کو نہیں پہنچ پایا ہے ۔اس کے ساتھ ہی کئی مقامات پر سڑکوں میں بڑے بڑے کھڈ بن گئے ہیں جن کی وجہ سے ایک تو حادثات کا خطرہ لاحق رہتاہے اور دوسرا ان ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر چلنے سے گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے اسلئے سرما ئی ایام شروع ہونے سے پہلے ہیں ان پروجیکٹوں پر کام مکمل ہونا چاہئے ۔