اس وقت جبکہ بجلی کا بحران دن بدن گہر ا ہوتا جارہا ہے اور سرکار کی طرف سے دی جانے والی یقین دہانیوں کے باوجود سمارٹ میٹر والے علاقوں میں بھی گھپ اندھیرا چھایا رہتاہے لوگ گیس کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں ۔گیس کی تقسیم کاری کا نظام اس وقت بہت بہتر ہے کیونکہ دلالوں کو نکال باہر کرنے اور لوگوں کو گیس ڈیلروں کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے بجاے مرکز نے جس طرح ہوم ڈیلوری شروع کردی ہے اس کے بہتر نتایج برآمد ہونے لگے ہیں اور لوگوں کو وقت پر گیس دستیاب ہوتاہے اور وہ بھی بغیر کسی جھنجھٹ کے یا بغیر کسی بلیک مارکیٹنگ کے ۔گیس ڈیلروں نے بھی سرکار کے اس فیصلے کے بعد صارفین کے لئے گیس کی فراہمی کا بہتر انتظام کیا ہے لیکن بہتر یہی ہوتا کہ گیس کی فراہمی کے لئے گیس پائپ لائین بچھائی جاتی تاکہ لوگ بغیر کسی مشکل یا بھاری وزن کے سلینڈر اٹھانے کی تکلیف سے بچ جاتے اور گیس ان کے گھروں تک پہنچ جاتی ۔اس کے لئے گھر گھر گیس پائپ لائین بچھانا پڑے گی لیکن پہلے اس جگہ سے گیس فراہم ہونی چاہئے جہاں اس کا ذخیرہ کیا جاتاہے ۔کچھ برس قبل سرکاری طور پر بتایا گیا کہ گرداسپور سے جموں اور جموں سے سرینگر تک گیس پائپ لائین بچھائی جاے گی اور اس طرح لوگوں کو راحت ملتی۔لیکن اب تک یہ خواب ہی رہا ۔ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مرکز جموں سے سرینگر تک قدرتی گیس پائین بچھانے کیلئے بنیادی ڈھانچہ تیار کرنا چاہتاہے لیکن تعجب اس بات کا ہے کہ منصوبہ کئی برس قبل بنایا گیا اور اس وقت اب حکومت کہتی ہے کہ گیس پائیپ لائین بچھانے کیلئے بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کرنے پر غور کیا جارہا ہے یہ تعجب کا مقام ہے ۔اس خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیٹرولیم انیڈ نیچرل گیس ریگولیٹری بورڈ جموں سے سرینگر تک قدرتی گیس پائپ لائین کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے ایک تجویز پر عوامی مشاورت کا عمل شروع کررہا ہے ۔پائیپ لائین کو مجوزہ گرداسپور سے جموں تک بچھایا جاے گا جس سے لوگ بخوبی اسی پائیپ لائین سے گیس حاصل کرسکتے ہیں ۔اس کے لئے اب گیس ریگولیٹری بورڈ نے بولی لگانے کا عمل شروع کیا ہے ۔اگرچہ بولی لگانے کی آخری تاریخ مئی میں مقرر کی گئی تھی لیکن وہ تاریخ بھی نکل گئی لیکن اب تک گیس پائیپ لائین بچھانے کے لئے کوئی کاروائی نہیں کی گئی ہے ۔یہ ایک عوام دوست منصوبہ ہے جسے ترجیحی بنیادوں پر عملی جامہ پہنایا جانا چاہئے تھا لیکن نہ جانے کیوں حکومت اس معاملے میں تاخیر سے کام لے رہی ہے اس بارے میں اگر کوئی اڑچن یا تیکنیکی رکاوٹ ہو تو ماہرین کی مدد سے اسے دور کیا جاسکتاہے اسلئے جموں سرینگر گیس پائیپ لائین کو فوری طور بچھانے کے لئے کاروائی کی جانی چاہئے تاکہ لوگوں کو راحت مل سکے ۔