یہ حقیقت ہے کہ سوچھتا ہی سیوا ہے یعنی ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہی انسان اور انسانیت کی خدمت ہے ۔اس سلسلے میں ایل جی انتظامیہ کی طرف سے لوگوں کو اپنے آس پا س کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے پر راغب کرنے کے لئے یکم اکتوبر کا وقت مقرر کیا ہے اور اس دن صبح دس بجے لوگ جن میں مرد عورتین ،طلبہ طالبات سب شامل ہونگی اپنے آس پاس کے ماحول کو صاف کرینگے ۔یعنی گلی کوچوں ،سڑکوں ،پارکوں ،نالیوں ،تالابوں ،کنوﺅں ،پلوں کے نیچے کی جگہوں ،مذہبی اور سیاحتی مقامات شامل ہیں کی صفائی کی جاے گی اس کے لئے سرکاری اہلکاروں کا انتظار نہیں کیا جاے گا بلکہ لوگوں کو از خود اپنے آس پاس کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہوگا۔ہم اکثر دیکھتے ہیں کہ جن کالونیوں میں حکومت کی طرف سے پارکیں بنائی گئی ہیں وہاں ہمسایگی میں رہنے والے لوگ گھروں سے کوڑا کرکٹ نکال کر ان ہی پارکوں کی نذر کرتے ہیں بعد میں سرکار کو قصور وار ٹھہراتے ہیں کہ پارکوں میں جمع شدہ کوڑا کرکٹ ہٹا یا نہیں جارہا ہے ۔یہ عمل انتہائی ناپسندیدہ قرار دیا جاسکتاہے ۔سرکار نے گھروں سے نکالے جانے والے کوڑے کو ایک مخصوص جگہ پر جمع کرنے اور اسے وہاں سے اٹھانے کا عمدہ انتظام کیا ہوا ہے ۔میونسپلٹی کی طرف سے گھر گھر خاکروب کوڑا کرکٹ جمع کرکے لے جارہے ہیں لوگوں کو سڑکوں پر یا گلی کوچوں میں کوڑا پھینکنے کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ روز صبح صفائی کرمچاری آکر کوڑا لے جاتے ہیں اسلئے ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ ہماری کالونیاں ،محلے ،گلی کوچے اور سڑکیں صاف ہوں لیکن ایسا نہیں ہے ۔اب بھی بعض لوگ گھروں سے کوڑا کرکٹ نکالکر گلی کوچوں اور سڑک کناروں پر ڈال کر بیماریوں کو جنم دینے کا باعث بن جاتے ہیں۔لیکن ایسا نہیں کرنا چاہئے ۔سرکار کی طرف سے میڈیا میں ایک اشتہار شایع ہوا ہے جس میں لوگوں سے کہا گیا کہ کوڑے کرکٹ کے خطرے سے دوچار مقامات کو ہدف بنائیں جیسے ریلوے ٹریکس ،سڑک کنارے ،تالاب ،کچی آبادیاں ،پلوں کے نیچے کی جگہیں ،بازار ،مذہبی اور سیاحتی مقامات کے علاوہ چڑیا گھر وایلڈ لایف کے مقامات وغیرہ شامل ہیں ان سب مقامات پر ہم سب کو یکم اکتوبر صبح دس بجے پہنچ کر کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کا کام شروع کرنا چاہئے ۔اس مہم کے دوران تمام سرگرمیاں سنگل یوز پلاسٹک فری اور زیر و ویسٹ پر ہونگی۔یہ سب کچھ ہمیں اپنا فرض جان کر کرنا ہوگا کیونکہ جب ہمارے آس پاس کا ماحول صاف ستھرا ہوگا تو بیماریاں بھی ہم سے دو ر بھاگیں گی اور ہم سب خاص طور پر اس عمل سے ہمارے بچے مختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں ۔لوگوں کو جان لینا چاہئے کہ اس میں کوئی سیاست نہیں بلکہ یہ سب کچھ ہم کو اپنے لئے کرنا ہوگا اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم صحت و صفائی کی طرف خصوصی توجہ دیں ۔جب ہم اپنے آس پاس کے ماحول کو صاف ستھرا رکھینگے تو یہ انسان اور انسانیت کی خدمت ہوگی جیسے کہ پہلے ہی کہا گیا ہے ۔اسلئے ہم کو سرکار کے سوچھتا ہی سیوا پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے آگے آکر ماحولیات کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہوگا۔










