گذشتہ دو تین برسوں کے دوران وادی کے فروٹ گروورس اس بات پر سخت ناراض نظر آے کہ میوے سے بھرے ٹرکوں کو سرینگر جموں شاہراہ پر کئی کئی دنوں تک بقول ان کے بلاوجہ سڑک پر درماندہ رکھا جارہا ہے جبکہ فروٹ گروورس کے بقول ایسا اسلئے کیا جارہا ہے تاکہ دوسری ریاستوں کا میوہ سب سے پہلے مارکیٹ میں پہنچ سکے ۔بہر حال یہ فروٹ گروورس کا الزام ہے اور اس میں کہاں تک سچائی ہے یہ معلوم نہیں ہوسکا لیکن اسی وقت منوج سنہا نے ٹریفک حکام اور نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کے حکام پر زور دیا کہ کوشش یہ کی جاے کہ میوے سے بھرے ہوے ٹرکوں کو کسی بھی قیمت پر شاہراہ پر نہ روکا جاے تاکہ وقت پر میوہ باہر کی منڈیوں میں پہنچ سکے ۔اب ایک بار پھر میوے کا سیزن شروع ہورہا ہے اور باہر کی منڈیوں تک دیوالی سے قبل ہی بھر پور انداز میں کشمیری میوہ پہنچ جانا چاہئے ۔اس مقصد کے تحت ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا سے کہا کہ وہ ٹریفک کی بھیڑ بھاڑ سے بچنے اور سرینگر سے آنے والی گاڑیوں کی آزادانہ نقل و حرکت یقینی بنانے اور خاص طور پر آنے والے فروٹ سیزن کے دوران نازک اور شناخت شدہ مقامات پر سڑک کی اچھی طرح سے دیکھ بھال شروع کریں ۔ڈپٹی کمشنر رام بن نے ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائی وے کے ساتھ اس مسلئے پر بات چیت کا سلسلہ شروع کیااور ان پر زور دیا کہ وہ میوے ٹرکوں کی بغیر رکاوٹ ڈھلائی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں ۔اس کے ساتھ ہی متعلقہ حکام نے ڈپٹی کمشنر کے ساتھ ایسے مقامات پر ٹریفک کی سست رفتاری پر بات چیت کی جہاں اکثر و بیشتر گاڑیاں درماندہ ہوکر رہ جاتی ہیں۔اس بارے میں سرکاری طور پر ایک بیان جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر نے ایگزیکیوٹنگ ایجنسی کو ٹریفک کی بھیڑ بھاڑ سے بچنے کے لئے اہم او ر دیگر شناخت شدہ مقامات پر سڑک کو برقرار رکھنے اور ہائی وے پر گاڑیوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔خاص طور پر آنے والے فروٹ سیزن کے دوران شاہراہ کو بلاخلل ٹریفک کے لئے مستحکم بنانے کی ہدایت دی ہے ۔لیکن اس سلسلے میں ایک اہم بات کی طرف ضلع حکام کو توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ شاہراہ پر میوہ گاڑیوں کو ایک دو برس قبل روکنے سے کتنا نقصان ہوا ہے ۔شاہراہ پر میوے سے بھرے ٹرکوں کو بلاخلل آگے بڑھنے کی اجازت دی جانی چاہئے کیونکہ بقول فروٹ گروورس کوئی میوہ اس طرح کا ہوتا ہے جو انتہائی حساس ہوتا ہے اور اگر وہ فوری طور منڈیوں میں نہیں پہنچ سکے گا تو فروٹ گروورس کا لاکھوں کا نقصان ہوسکتاہے ۔چاہے یہ میوے کے ٹرک باہر سے فروٹ لے کر آتے ہوے یا یہاں سے ہی میوے کے ٹرک باہر جاتے ہوں۔فروٹ گروورس کا کہنا ہے کہ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کی مداخلت کے نتیجے میں اب میوے سے بھرے ہوئے ٹرکوں کو روکا نہیں جارہا ہے اور میوے کے کاروباریوں کو نقصان سے بچانے کیلئے شاہراہ پر تعینات ٹریفک عملے کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ میوے سے بھرے ہوے ٹرکوں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھنے کی اجازت دی جاے ۔