17تا 21 مارچ موسم خشک رہنے کا امکان
سری نگر / اتوار کی صبح سے جاری تازہ برف وباراں کے بیچ دوران شب گلمرگ سمیت کئی بالائی مقامات پر برف باری ہوئی جبکہ اس دوران سری نگر سمیت کشمیر کے بیشتر علاقوںمیں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش بھی ہوتی رہی ،تاہم منگل کوبیشتر وقت مطلع ابرآلودرہنے کے باوجودموسم عمومی طور پرخشک رہا۔جے کے این ایس کے مطابق موسمیاتی ماہرین کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں تازہ برفباری اوربارشوں کے ساتھ گیلا موسم جاری رہا جسکے دوران گلمرگ سمیت کئی پہاڑوں اور چوٹیوںنے تازہ سفید چادر اوڈھ لی ، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔موسمیاتی مرکز سری نگر نے پیش گوئی کی ہے کہ جموں و کشمیر کے اختتام ہفتہ تک گیلے موسم کے جاری رہنے کا امکان ہے۔بارش کے پیرامیٹرز بتاتے ہوئے، موسمیاتی مرکز نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران منگل کو صبح ساڑھے آتھ بجے تک کپواڑہ میں سب سے زیادہ 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے بعد پہلگام میں11.8 ملی میٹر، کوکرناگ میں 10.4 ملی میٹر، گلمرگ میں 10.2 ملی میٹر، سری نگر میں7.8 ملی میٹر اور قاضی گنڈ میں6.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ موسمیاتی نے کہا کہ منگل کو موسم ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ12 اور 14 مارچ کے دوران وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش یا الگ تھلگ مقامات پر برفباری متوقع ہے۔ موسمیاتی مرکز نے کہا کہ16مارچ تک وقفے وقفے سے برف وباراںکا سلسلہ جاری رہنے کاامکان ہے تاہم17سے 21 مارچ تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے دفتر نے مسافروں، سیاحوں اور ٹرانسپورٹرز کے لیے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے کہ وہ اس مدت کے دوران اپنے سفر کی منصوبہ بندی کرنے سے پہلے انتظامیہ کی ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔کسانوں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 16 مارچ تک کھیتی باڑی کے کاموں کو معطل کر دیں، اس کے علاوہ اونچی جگہوں پر رہنے والے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس عرصے کے دوران میلا اور برفانی تودے کے شکار علاقوں سے گریز کریں۔دریں اثنا، رات کے درجہ حرارت میں کمی آئی لیکن کشمیر کے کئی موسمی مراکز پر اوسط سے2 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ پیر کو ریکارڈ کیا گیا دن بھی وادی کشمیر کے بیشتر موسمی مراکز میں معمول سے کئی ڈگری نیچے گر گیا۔پیر اور منگل کی درمیانی رات سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ سیزن کے اس عرصے کے دوران اس جگہ کے اوسط سے 2,3ڈگری زیادہ تھا۔














