سرینگر/10اپریل//بانڈی پورہ میں دوران شب آگ کی واردات میں دو رہائشی مکانوں سمیت کئی ڈھانچے خاکستر ہوئے ہیں جبکہ دو بکریاں بھی جل کر ہلاک ہوچکی ہیں۔ ادھر آگ کی واردات میں رہائشی مکانوں میں موجود تمام سازوسامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوا ہے ۔ شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے حاجن علاقے میں آدھی رات کو لگنے والی آگ میں دو مکانات اور چند دیگر ڈھانچوں کو نقصان پہنچاہے۔ذرائع نے بتایا کہ حاجن کے ہریتار کنیاری علاقے میں ایک رہائشی مکان میں آگ لگ گئی اور کچھ ہی دیر میں اس نے قریبی عمارتوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق آگ اس قدر بھیانک تھی کہ دیکھتے ہی دیکھے ایک کے بعد ایک دو مکانات ، ایک گاﺅ خانہ اور ایک رسوئی گھر اس کی لپیٹ میں آگئے ۔ انہوں نے بتایا کہ دوران شب آگ کی لپٹی دور دور سے دکھائی دے رہی تھیں جو ایک خوفناک منظر پیش کررہے تھے ۔ اس بیچ مقامی لوگوں نے اگرچہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہوئے جبکہ فائر ٹینڈرز کو طلب کیا گیا جس کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا تاہم واقعے میں دو مکانات، گائے کے شیڈ اور کچن کو نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ دو بکریاں بھی جل کر ہلاک ہو گئی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ تباہ شدہ ڈھانچے نوری بیگم بیوی اب السلام ملہ اور حبیب اللہ کولو ولد محمد رمضان کولو سکنہ ہریتار کنیاری کے ہیں۔












