سرینگر: اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈران نے آج وادی سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ ویٹ لفٹر فردیم حسین کو پاور لفٹنگ ورلڈ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور اُن کی کارکردگی کو سراہا۔
اپنی پارٹی کے صدر دفتر سرینگر پر آج منعقدہ ایک تقریب میں فردیم حسین کی کامیابی پر اُن کی سراہنا کی گئی۔
اس موقع پر سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ ”فردیم حسین نے ایک بین الاقوامی مقابلے میں یہ شاندار کارنامہ انجام دے کر ہم سب کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ میں ان کے مستقبل کےلئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’ان کی کامیابی سے یہ بات پھر ثابت ہوئی ہے کہ ہمارے نوجوان مختلف شعبوں میں عالمی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہیں صرف صحیح مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
اس موقع پر سید محمد الطاف بخاری کے علاوہ پارٹی کے جو سرکردہ لیڈران موجود تھے، اُن میں پارٹی کی پارلیمانی امور کمیٹی کے چیئرمین محمد دلاور میر، جنرل سیکرٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ڈی ڈی سی کے چیئرمین و صوبائی سیکرٹری ملک آفتاب، سینئر لیڈر اور سپیکر یاور دلاور میر، بلال خان، اشتیاق خان اور دیگر لیڈران شامل تھے۔














