بھونیشور۔( اڈیشہ )/۔مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے ہفتہ کو نئی دہلی کے لیے ‘امرت کلش یاترا’ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔پردھان نے بھونیشور اسٹیشن پر ایک خصوصی ٹرین کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، جس میں ‘ میری ماٹی، میرا دیش’ پروگرام کے حصے کے طور پر، اڈیشہ کے 13،250 گاؤں سے مٹی کے ساتھ تقریباً 1,600 رضاکار قومی دارالحکومت پہنچیں گے۔ملک کے 766 اضلاع میں 7,000 سے زیادہ بلاکس سے جمع کی گئی مٹی کو مہم کے ایک حصے کے طور پر نئی دہلی میں قومی جنگی یادگار کے قریب تعمیر ہونے والی ایک نئی یادگار ‘ امرت واٹیکا’ میں رکھا جائے گا۔پردھان پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ پرتاپ سارنگی اور اپراجیتا سارنگی اور بی جے پی کے ریاستی صدر منموہن سمل کے ساتھ ریاستی بی جے پی ہیڈکوارٹر سے ایک جلوس میں ریلوے اسٹیشن پہنچے۔وزیر موصوف کہا کہ آج کا دن ہم سب کے لیے خوش قسمتی کا دن ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی کال پر گاؤں، شہروں اور پنچایتوں سے مٹی اکٹھا کرنے کی مہم اپنے اختتام کو پہنچ رہی ہے۔یہ ٹرین اتوار کو نئی دہلی پہنچے گی، جس کے بعد یہ 1,600 رضاکار دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے 20,000 سے زیادہ ‘ امرت کلش یاتریوں’ کے ساتھ 30-31 اکتوبر کو کرتویہ پتھ اور وجے چوک پر دو روزہ پروگرام میں حصہ لیں گے۔وزیر اعظم مودی 31 اکتوبر کو ان بہادروں کو یاد کرتے ہوئے پروگرام سے خطاب کرنے والے ہیں جنہوں نے ہندوستان کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔یہ دو سالہ ‘ آزادی کا امرت مہوتسو’ کے اختتام کو نشان زد کرے گا، جو 12 مارچ 2021 کو ہندوستان کی آزادی کے 75 سال منانے کے لیے شروع ہوا تھا۔













