بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے وزرا کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا
کلکتہ 18اگست (یواین آئی) وزارت میں رد و بدل کے بعدپہلی کابینہ کی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے وزرا کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ فائلوں پر دستخط کرنے سے قبل اچھی طرح سے پڑھ لیں۔بدعنوانی کے معاملات میں پارٹی کے سابق سینئر وزیر کی گرفتاری اور سینئر لیڈروں کے خلاف بدعنوانی کے جانچ کے بعد ممتا بنرجی نے یہ ہدایت دی ہے ۔ ممتا بنرجی نے نئے وزرا اپنی وزارت کے کام کاج پر توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہر پیپر کو غور سے پڑھیں، اسے سمجھ کر فیصلہ کریں اور اس پر دستخط کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی کام نہ کریں جس کی وجہ سے مستقبل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے ۔سابق ریاستی وزیر پارتھو چٹرجی کو کابینہ سے ہٹائے جانے کے بعد جمعرات کو پہلی میٹنگ تھی۔ اس کے بعد کابینہ کے ایک رکن نے کہا کہ میٹنگ میں ممتا نے کہا کہ اب سے ریاست کا کوئی بھی وزیر پائلٹ کار کا استعمال نہیں کر ے گا۔ گرچہ وزیرا علیٰ نے اس فیصلے سے متعلق وضاحت نہیں دی ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ کیوں کیا ہے ۔کہا جارہا ہے کہ ریاستی حکومت اپنی شبیہ کو بہتر کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ممتا بنرجی پہلی بار 1991 میں مرکزی وزیر بنیں۔ اس کے بعد وہ 2009 میں ریلوے کے وزیر بنے ۔ 2011 سے ریاست کے وزیر اعلیٰ۔ لیکن کبھی بھی سرخ بتی والی پائلٹ کار استعمال نہیں کی۔ ایک زمانے میں انہیں قریبی حلقوں میں یہ کہتے سنا گیا کہ جب لیڈر اور وزراءوی آئی پی موڈ میں گھومتے ہیں تو عام لوگوں سے فاصلے بڑھ جاتے ہیں۔ اس بار انہوں نے کابینہ کے باقی وزراءکو اپنے راستے پر چلنے کا حکم دیا ہے ۔ممتا بنرجی نے وزرا سے کہا کہ دستخط کرنے سے پہلے اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی اضافی جگہ نہیں رہے ۔ مختلف اوقات میں یہ شکایات سامنے آتی رہی ہیں کہ ریاستی وزراءکے ہاتھ میں خاص کام نہیں ہوتے ۔ریاستی وزیر چندریما بھٹاچاریہ نے کہاکہ بنگال میں وزیر اعلیٰ کی قیادت میں صنعت کاری میں اضافہ ہوا ہے ۔ کابینہ نے 18 صنعتی یونٹوں، 5 صنعتی پارکوں کو منظوری دی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آنے والے دنوں میں ”600 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ 4000 نئی نوکریاں پیدا ہوں گی