روبوٹک سرجری کے آلات دیسی ایجادات کے ذریعے تیار کیے جا رہے ہیں: دتاتریہ
نئی دہلی/ہریانہ کے گورنر بنڈارو دتاتریہ نے کہا ہے کہ روبوٹک سرجری جدید ٹیکنالوجی کی نمائندگی کرتی ہے اور انسانی صلاحیت کی تکمیل کرتی ہے ۔روبوٹک سرجری پر دو روزہ "ایس ایس انوویشنز گلوبل ملٹی اسپیشلٹی روبوٹک سرجری کانفرنس” کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر دتاتریہ نے کہا کہ روبوٹک سرجری اس چیز کی توسیع ہے جو کم سے کم "انویسیو سرجری” سے حاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ آنے والے وقت کی ٹیکنالوجی ہے جس سے انسانیت کو بہت زیادہ فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ روبوٹک سرجری کے آلات ملک میں دیسی ایجادات کے ذریعے تیار کیے جا رہے ہیں اور اس کے لیے متعلقہ ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ملک میں تیار ہونے والے ان آلات کی وجہ سے لاگت میں نمایاں کمی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کوششوں سے “میک ان انڈیا” کا منتر عملی شکل اختیار کر رہا ہے ۔مرکزی صحت و خاندانی بہبود کے وزیر منسکھ مانڈویا اور وزارت میں وزیر مملکت ڈاکٹر بھارتی پروین پوار نے کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کیا۔ فائنل ہفتہ کی شام گروگرام، ہریانہ میں ہوا۔ایس ایس انوویشن نے اپنی نوعیت کی پہلی عالمی ملٹی اسپیشلٹی روبوٹک سرجری کانفرنس کا انعقاد کیا۔اس کانفرنس میں راجیو گاندھی کینسر انسٹی ٹیوٹ، نئی دہلی، ایسٹر سی ایم ہسپتال، بنگلورو، اپیکس ہسپتال، مراد آباد، میڈانتا – دی میڈیسیٹی، گروگرام اور اپولو ہسپتال، بنگلور سے لائیو روبوٹک سرجری کے مظاہرے شامل تھے ۔پہلی عالمی ملٹی اسپیشلٹی روبوٹک سرجری کانفرنس کا مقصد روبوٹک سرجری کے بارے میں آگاہی بڑھانا تھا۔ کانفرنس میں روبوٹک سرجری کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس میں دنیا بھر سے 150 سے زائد ماہرین نے شرکت کی۔ایس ایس انوویشنز کے بانی، چیئرمین اور سی ای او ڈاکٹر سدھیر سریواستو نے کہا کہ پہلی عالمی ایس ایس انوویشنز ملٹی اسپیشلٹی روبوٹک سرجری کانفرنس 2024 کا مقصد ماہرین کو متحد کرکے روبوٹک سرجری کے شعبے میں تعاون، علم کے تبادلے اور اختراع کو فروغ دینا ہے ۔ یہ صحت کی دیکھ بھال کے مستقبل کے لیے ایک منصوبہ بنائے گا۔