نئی دہلی، 11 اکتوبر (یو این آئی) سپریم کورٹ نے منی لانڈرنگ کے ملزم دہلی کے وزیر صحت اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے لیڈر ستیندر جین کی عرضی پر منگل کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو نوٹس جاری کیا۔ جسٹس ایم آر شاہ اور جسٹس کرشنا مراری نے متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد ای ڈی کو یہ نوٹس جاری کیا۔ نوٹس جاری کرتے ہوئے بنچ نے واضح کیا کہ وہ لانڈرنگ کے الزام سے متعلق خوبیوں اورخامیوں پر غورنہیں کرے گی، بلکہ وہ صرف نچلی عدالت میں چل رہے اس مقدمے کی منتقلی سے متعلق تنازع پر غور کرے گی۔ سپریم کورٹ نے اس معاملے کی اگلی سماعت کے لیے 31 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے ۔ چیف جسٹس یو۔ یو للت کی صدارت والی بنچ نے پیر کے روزمسٹرجین کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل کے ذریعہ جلد سماعت کی التجا کو قبول کرتے ہوئے ، اس معاملے کو منگل کے روز سیریل نمبر ایک پر درج کرنے کی ہدایت دی تھی۔ مسٹرسبل نے خصوصی ذکر کے دوران درخواست کی تھی۔ مسٹر جین نے دہلی ہائی کورٹ کے یکم اکتوبر کے اس فیصلے کو چیلنج کیا ہے جس میں اس نے ان کی نچلی عدالت میں درخواست ضمانت کی سماعت وہاں کی ایک دوسری عدالت میں منتقل کرنے کے فیصلے پر مہرلگائی تھی۔













