نئی دہلی(یو این آئی) بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود گھریلو سطح پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مسلسل 66ویں دن مستحکم رہیں۔ مرکزی حکومت نے 4 نومبر کو پٹرول اور ڈیزل پر بالترتیب 5 اور 10 روپے ایکسائز ڈیوٹی کم کرنے کے اعلان کے بعد قیمتوں میں نمایاں کمی آئی تھی۔ اس کے بعد ریاستی حکومتوں کی جانب سے ویٹ میں کمی کے فیصلے کے بعد دہلی میں 2 دسمبر کو پٹرول تقریباً آٹھ روپے سستا ہو اتھا۔ گھریلو بازار میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 66 ویں دن بھی کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ راجدھانی دہلی میں ویٹ میں کمی کی وجہ سے بھارت پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ ( بی پی سی ایل) کے اسٹیشنز پر پٹرول کی قیمت 95.41 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 86.67 روپے فی لیٹر پر رہی۔