کوالالمپور/ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعرات کو ملائیشیا کے ڈیجیٹل شعبہ کے وزیر گوبند سنگھ دیو سے ملاقات کی اور ملک کے اپنے دو روزہ سرکاری دورے کا اختتام کیا۔ ملائیشیا کے وزیر کے ساتھ اپنی ملاقات میں، وزیر حارجہ نے ڈیجیٹل شعبے میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں، وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا، "ڈیجیٹل وزیر گوبند سنگھ دیو سے ملاقات کر کے ملائیشیا میں اپنے پروگرام کا اختتام کیا۔ بہترین طریقوں کے تبادلے سمیت ڈیجیٹل تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ جے شنکر 27 سے 28 مارچ تک ملائیشیا کے دو روزہ سرکاری دورے پر تھے۔ اس سے پہلے وہ سنگاپور اور فلپائن کے دورے پر تھے۔ انہوں نے ہندوستان-ملائیشیا بہتر اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے تحت دو طرفہ تعلقات کو گہرا کرنے میں معاونت کے لئے وزیر اعظم انور کا شکریہ ادا کیا۔ وزارت نے کہا، وزیرخارجہ نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ، داتو سیری اتامہ حاجی محمد بن حاجی حسن کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی، تجارتی اور اقتصادی، دفاع، ڈیجیٹل، ثقافت اور تعلیم سمیت دو طرفہ تعاون پر وسیع پیمانے پر بات چیت کی۔ انہوں نے علاقائی اور عالمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دورے کے دوران، وزیر خارجہ نے مختلف کمپنیوں کے سی ای اوز اور صنعت کے رہنماؤں کے ساتھ ایک گول میز میٹنگ کی۔ انہوں نے ملائیشیا میں ہندوستانی باشندوں کے ساتھ بھی بات چیت کی اور ہندوستان-ملائیشیا تعلقات میں ان کے تعاون کی تعریف کی۔ وزارت خارجہ کے مطابق ملائیشیا آسیان اور ہماری ایکٹ ایسٹ پالیسی میں ہندوستان کے لئے ایک کلیدی شراکت دار ہے۔