قیدی پہلے ہی کئی بیماریوں میں مبتلاءتھا ، پولیس کا دعویٰ
سرحدی ضلع کپوارہ میں گزشتہ شب عدالتی تحویل میں نظر بند ایک قیدی کی ہسپتال میں دوران علاج موت واقع ہوئی ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مہلوک قیدی پہلے ہی کئی بیماریوں میں مبتلاءتھا اور دوائیاں لیتا تھا ۔ شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایک 75 سالہ زیر سماعت قیدی کی موت ہو گئی۔ذرائع نے بتایا کہ محمد مقبول خان ولد عبدالغفار خان ساکن ککروسہ ولگام جو پہلے ہی دوائیوں پر تھا، شدید بیمار ہوگیا اور اسے ایس ڈی ایچ کپوارہ منتقل کیا گیا، جہاں کچھ دیر بعد اس کی موت ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ یہ شخص اگست 2022 سے ڈسٹرکٹ جیل کپواڑہ میں آئی پی سی کی دفعہ 306 اور 109 سے متعلق ایف آئی آر نمبر 61/2023 میں بند تھا۔اہلکار نے اس دوران بتایا کہ متوفی بزرگ کے تین بیٹے بھی اس خاص معاملے میں زیر حراست ہیں۔ ادھر پولیس نے لاش کو آخری رسومات کے لئے ان کے ورثاءکے حوالے کردی ہے اور اس سلسلے میں ضروری لوازمات پورے کئے جاچکے ہیں۔