کافی مشقت کے بعدفائر اینڈ ایمرجنسی نے آگ پر قابو پالیا
سرینگر/28دسمبرجموں کے سیول سیکٹریٹ میں بدھ کے روز اوپری منزل سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس میں دیکھتے ہی دیکھتے اضافہ ہوا اور آگ کے شعلے کھڑکیوں سے باہر نکلنے لگے ۔ آگ کی اس واردات میں کافی حد تک سرکاری ریکارڈ بشمول دستاویزات جل گئیں ہیں۔ ادھر پولیس اور محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔ جموں سیکٹریٹ میں اُس وقت سراسمگی پھیل گئی اور عملہ سیکٹریٹ سے باہر دوڑے دوڑے آیا جب سیکٹریٹ کی اوپری منزل سے اچانک آگ نمودار ہوئی ۔ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ آگ اوپری منزی کے ایک بلاک میں لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے شعلے بھڑک اُٹھے جو کھڑی سے باہر بھی دکھائی دے رہے تھے ۔ اس دوران پولیس اور محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ جائے واردات پر پہنچا اور آگ پر کافی مشقت بعد قابوپالیا ۔ ادھر ذرائع نے بتایا کہ آگ کی وجہ سے سرکاری ریکارڈ اوراہم دستاویزات جل کر خاکستر ہوئے ہیں جبکہ الیکٹرانک سامان کو بھی نقصن پہنچا ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات کے بارے میں پتہ لگایاجارہا ہے تاہم ابتدائی طور پر معلوم ہوتا ہے کہ آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ سے لگی ہے ۔