ممبئی: نواز الدین کی اہلیہ عالیہ صدیقی نے اپنے شوہر پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ان سے بچے چھیننے کی کوشش کر رہے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق عالیہ صدیقی نے اپنے شوہر اداکار نوازالدین صدیقی پر ریپ کا مقدمہ درج کروا دیا ہے، عالیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے شوہر کے خلاف جسمانی زیادتی کا مقدمہ تمام ثبوتوں کے ساتھ درج کروایا ہے۔عالیہ صدیقی نے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے نوازالدین صدیقی پر بچوں کو چھیننے کی کوشش کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ویڈیو پیغام میں روتے ہوئے عالیہ کا کہنا تھا کہ میرا شوہر جیسا دکھائی دیتا ہے وہ ویسا نہیں وہ اپنی طاقت کا غلط استعمال کرتے ہوئے مجھ سے بچے چھیننے کی کوشش کر رہا ہے، اس کا بچوں کی پرورش میں کوئی کردار نہیں، وہ تو یہ بھی نہیں جانتا کہ باپ ہونا کیا ہوتا ہے۔عالیہ صدیقی نے انکشاف کیا کہ نوازالدین صدیقی نے بیٹی شوریٰ اور بیٹا یانی کی کسٹڈی کیلئے ان کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے۔عالیہ کا کہنا تھا کہ نواز اپنی طاقت کا غلط استعمال کر کے ایک ماں سے اس کے بچے چھیننا چاہتا ہے مگر میں اسے بچے ہر گز نہیں دوں گی میں مشکل حالات سے گزر رہی ہوں میرے پاس پیسے نہیں ہیں مگر بچوں کی میں نے اکیلے پرورش کی ہے آگے پال لوں گی۔یاد رہے کہ بمبئی ہائی کورٹ نے نواز الدین اور اہلیہ عالیہ صدیقی کو بچوں کا معاملہ خوش اسلوبی کے ساتھ حل کرنے کی ہدایت دی ہے جبکہ اداکار نے عالیہ کو اپنی اہلیہ ماننے سے انکار کر رکھا ہے۔