ممبئی/۔معروف صنعت کار مکیش امبانی کے بیٹے اننت اور رادھیکا کی شادی بڑی دھوم دھام سے ہوئی۔ شادی کی تقریب میں ملک اور بیرون ملک سے ہزاروں مہمانوں نے شرکت کی۔ سیاسی میدان سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیات بھی نئے جوڑے کو مبارکباد دینے پہنچیں۔ امبانی کی شادی کی تقریب میں حکمراں پارٹی اور اپوزیشن دونوں کے کئی رہنما نظر آئے۔ آج آشیرواد پروگرام میں وزیر اعظم اور کئی سینئر اپوزیشن لیڈروں کی شرکت متوقع ہے۔ شادی میں شرکت کرنے والے ملک کے اعلیٰ اپوزیشن لیڈروں میں ٹی ایم سی پارٹی کی رہنما اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو، آر جے ڈی کے سپریمو لالو پرساد یادو اور ان کے بیٹے اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو شامل تھے۔ شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور این سی پی (شرد پوار) پارٹی کی سینئر رہنما سپریہ سولے بھی شادی میں موجود تھیں۔اننت۔ رادھیکا کی شادی میں شرکت کے لیے مرکز میں اپوزیشن پارٹی کانگریس کے رہنماؤں کی ایک لمبی فہرست ہے۔ انڈین نیشنل کانگریس پارٹی کے کئی سینئر لیڈران بشمول کانگریس لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰدگوجے سنگھ، آنند شرما، اجے ماکن، سلمان خورشید، ابھیشیک منو سنگھوی اور راجیو شکلا پارٹی میں موجود تھے۔این ڈی اے کے سرکردہ لیڈروں میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ اور شیوسینا لیڈر ایکناتھ شندے، مہاراشٹر کے دونوں نائب وزرائے اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار، بی جے پی لیڈر اسمرتی ایرانی اور آر پی آئی لیڈر رام داس اٹھاولے بھی آشیرواد دینے آئے۔