اما م عالی مقامؓاور دوسرے شہداے کربلا کو خراج عقیدت ادا کرنے اور ان کی شہادت پر نوح خوانی کے سلسلے میں جو جلسے جلوس نکالے جاتے ہیں ماتمی مجالس منعقد کی جاتی ہیں ان کے لئے سرکاری طور پر کیا اور کس نوعیت کے انتظامات کئے گئے ہیں اس بارے میں صرف اس قدر بتایا گیا کہ ڈویثرنل کمشنر نے بدھ کو مختلف شعیہ آبادی والے علاقوں کا دورہ کیا اور اس کے ساتھ ہی وہاں امام بار گاہوں اور دوسرے ایسے مقامات کا دورہ کیا جہاں محرم الحرام کی آمد پر ماتمی مجالس منعقد کی جاتی ہیں یا جلسے جلوس نکالے جاتے ہیں ۔ڈویثرنل کمشنر نے زڈی بل ،علمگری بازار ،بڈگام اور ماگام کا تفصیلی دورہ کیا اور موقعے پر ہی ماتحت عملے کو ہدایات دیں تاکہ محرم الحرام کے دوران عزا داروں کو ہر ممکن سہولیات بہم پہنچائی جاسکے ۔ڈویثرنل کمشنر نے متعلقہ حکام کو محرم الحرام کے دوران شعیہ آبادی والے علاقوں میں راشن ،پانی ،بجلی ،سٹریٹ لائیٹس وغیرہ کا بھر پور انتظام کرنے کی ہدایات دیں ۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس بات کو واضع کردیا کہ صرف اجازت یافتہ راستوں سے ہی محرم کے جلوس برآمد ہونگے ۔محرم الحرام کے سلسلے میں وادی بھر میں تعزیتی مجالس کا اہتما م کیا جاتا ہے اور ماتمی مجالس منعقد کی جاتی ہیں ۔ان میں شرکت کرنے والوں کو واقعی ہر قسم کی سہولیات بہم پہنچانے کی ضرورت ہے ۔اس وقت ہمدانیہ کالونی سے خمینی چوک تک ڈرینیج وغیرہ کے سلسلے میں سڑک کھودی گئی ہے اور اس طرح ٹریفک بند کردیا گیا ۔مقامی لوگوں کی طرف سے ڈویثرنل کمشنر سے استدعا کی گئی ہے کہ اس سڑک کو کم ازکم دس محرم سے قبل ہی قابل آمد و رفت بنایا جاے تاکہ یہاں جو عزا داری کے جلوس نکالے جاتے ہیں ان میں شامل افراد کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اس کے ساتھ ہی بہت سے شعیہ آبادی والے علاقوں میں رہنے والے لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ان علاقوں میں خاص طور پر بجلی اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی جاے ۔محرم الحرام کے دوران کئی مقامات پر رات رات بھر ماتمی مجالس منعقد کی جاتی ہیں یا رات دیر تک مرثیہ خوانی کی جاتی ہے اسلئے ان علاقوں میں سڑکوں اور گلی کوچوں کی حالت چست درست کی جاے اور سڑیٹ لائیٹس کی مرمت کی جاے ۔گروبازار سے آے ہوے ایک وفد نے بتایا کہ اس علاقوں میں کتوں نے لوگوں کا قافیہ حیات تنگ کررکھا ہے اسلئے محرم الحرام کے دوران اس جانب توجہ دی جانی چاہئے ۔اس کے علاوہ بجلی ،پانی اور راشن کی فراہمی بھی یقینی بنائی جانی چاہئے ۔حالیہ بارشوں کی وجہ سے سڑکوں کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ بن گئی ہے اور ان میں گہرے گڑھے پڑ گئے ہیں ۔خانیار میں بارش کی وجہ سے سڑک دھنس گئی جس میں ایک گاڑی گرگئی وہاں سے بھی عزا داری کے جلوس برآمد ہوتے ہیں اسلئے اس سڑک کی حالت بہتر بنائی جاے ۔محرم کے دوران جگہ جگہ چائے اور کھانے کے انتظامات کئے جاتے ہیں جس کے لئے بالن کی ضرورت ہوتی ہے اس لئے محکمہ جنگلات کو اس جانب توجہ دینی چاہئے اور فوری طور شیعہ آبادی والے علاقوں کے لئے بالن کا انتظام کیا جانا چاہئے تاکہ عزاداری کی مجالس اور جلسے جلوسوں کے اہتمام میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آسکے ۔