وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گذشتہ دنوں سیکریٹریٹ میں محکمہ اطلاعات کی کارکردگی اور دیگر امور کا بھر پور انداز میں جائیزہ لیا اور کئی ایسے فیصلے کئے گئے جو اخبارات کے حوالے سے کافی اہم تصور کئے جاتے ہیں اور ان میں سب سے زیادہ اہم مسلہ اخبارات کے لئے سرکاری اشتہارات کی منصفانہ تقسیم ہے جس کے بارے میں اخبارات نے وقتاً فوقتاًاپنی شکایات درج کروائیں اور حکام بالا تک اشتہارات سے متعلق اپنے خدشات پہنچادئے ۔بہرحال اب جبکہ عوامی حکومت قایم ہوگئی ہے وزیر اعلیٰ نے محکمے کے افسروں کو کچھ ایسے احکامات صادر کئے جن پر عمل درآمد سے اخبارات کو کوئی شکایت نہیں رہنی چاہئے ۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے جہاں بہت سے معاملات کے بارے میں آگاہی حاصل کرلی وہیں دوسری جانب انہوں نے اخبارات کے لئے سرکاری پالیسی کا بغور جائیزہ لیا ۔افسروں کے ساتھ صلاح مشورہ کیا اور میٹنگ میں اس حوالے سے جو کچھ بتایا وہ کافی حوصلہ افزا ہے ۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی طرف سے محکمے کے افسروں کو یہ ہدایت دی گئی کہ سرکولیشن کی بنیاد پر اشتہارات جاری کرنے میں بھر پور شفافیت کا مظاہرہ کیا جاے تاکہ کسی کے ساتھ اس عمل میں ناانصافی نہ ہونے پائے ۔انہوں نے محکمے پر زور دیا کہ وہ تعصب کے کسی تاثر سے گریز کرتے ہوئے اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بناے ۔انہوں نے DAVPکے اشتہاری نرخوں کے معیار کا مطالعہ کرنے اور اس مقصد کے لئے ایک مضبوط میکنیزم تیار کرنے کے لئے اخبارات کی سرکولیشن کا جائیزہ لینے کی بھی ہدایت دی ۔غرض پرنٹ میڈیا یعنی اخبارات کے لئے اشتہارات کی تقسیم کا منصفانہ طرز عمل اپنا نے سے نہ تو کسی کو شکایت ہوگی اور نہ ہی اس میں کسی گڑبڑ کی گنجایش ہوسکتی ہے ۔اس میٹنگ میں سوشل میڈیا کے استعمال کی اہمیت اور سماج پر اس سے پڑنے والے اثرات پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔وزیر اعلی نے حکومت جموں کشمیر کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مخصوص اشتہارات اور مہمات کے ذریعے نمایا ں کرنے پر بھی زور دیا ۔اس میٹنگ میں صحافیوں کے لئے ایکریڈیٹیشن کے عمل
کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر اعلی نے مسترد کئے گئے درخواستوں کا دوبارہ جائیزہ لینے کی ہدایت دی ۔محکمے سے کہا گیا درخواست دہندہ کو تضادات سے آگاہ کریں انہیں غلطیوں کو دور کرنے اور ایکریڈیٹیشن کو محفوظ بنانے کے قابل بنائیں ۔وزیر اعلی نے اجلاس میں محکمے پر عاید ذمہ داریوں سے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ عوامی تاثرات کی تشکیل اور حکومتی اقدامات کے موثر ابلاغ کو یقینی بنانے میں محکمے کا اہم رول بنتاہے ۔انہوں نے سرکاری پالیسیوں ،پروگراموں ،اور اسی نوعیت کے دوسرے مواد جو عوام کے لئے کافی اہمیت رکھتا ہو کی بھر پور تشہیر کی تلقین بھی کی ۔وزیر اعلیٰ نے محکمہ اطلاعات کے افسروں کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا اور سب سے اہم بات یہ ہوئی کہ اخبارات کے لئے اشتہارات کی منصفانہ اور سرکولیشن کے حساب سے تقسیم کرنے پر زور دینا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وزیر اعلیٰ کو اخبارات کی اہمیت اور افادیت کا پورا پورا احساس ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ موجودہ حالات میں اخبارات بحسن خوبی اپنا کردار ادا کریں ۔












