وزیر اعظم نریندر مودی نے کل یعنی 7مارچ کوبخشی سٹیڈیم میں عوام کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ وہ آج اپنے لوگوں کے درمیان دل کی بات کہہ رہے ہیں ۔پی ایم مودی کے اس پروگرام کا نام وکسٹ بھارت وکسٹ جموں کشمیر رکھا گیا ۔وزیر اعظم کے خطاب کو سننے کے لئے صبح سویرے سے ہی ہر مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ بخشی سٹیڈیم کی طرف جاتے ہوے دیکھے گئے اور نصف گھنٹے کے اندر اندرپورا بخشی سٹیڈیم لوگوں سے کچھا کچھ بھر گیا اور اس قدر لوگ آج تک سٹیڈیم میں نہیں دیکھے گئے جتنے آج تھے اور جو پی ایم مودی کی تقریر سننے کے لئے آئے تھے ۔گاﺅں اور قصبہ جات سے جو لوگ جوق در جوق آے تھے انہوں نے کہا کہ وہ سٹیڈیم میں جگہ حاصل کرنے کے لئے نصف شب ہی گھروں سے نکلے تھے ۔چاروں اور انسانی سروں کا سمندر دکھائی دے رہا تھا اور ہوا میں جھنڈے لہرائے جارہے تھے ۔پی ایم مودی کا خطاب انتہائی جذبات سے بھرا ہوا تھا خاص طور پر اس وقت لوگوں نے زور زور سے تالیاں بجائیں جب انہوں نے کہا کہ وہ ”جب بھی سال 2014کے بعد یہاں آئے تو میں نے آپ کے یعنی کشمیریوں کے دل جیتنے کی کوششیں کیں اور آج میں دیکھ رہا ہوں کہ میں اپنی کوششوں میں کامیاب ہوا ہوں ۔میں نے آپ لوگون کے دل جیتے ہیں میں آپ کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرونگا یہ مودی کی گارنٹی ہے “اس موقعے پر پورا ماحول تالیوں کی گونج سے بھر گیا اور چاروں طرف لوگوں کے چہرے خوشی سے کھلے ہوئے نظر آرہے تھے ۔وزیر اعظم نے اپنی تقریر جس میں انہوں نے 6400کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور ان کو قوم کے نام وقف کیا کے علاوہ انہوں نے ان نوجوانوں جنہوں نے مختلف سکیموں سے استفادہ کرکے اپنے یونٹ قایم کئے کی بھر پور حوصلہ افزائی کی اور دوسرے نوجوانوں کو بھی ان کے نقش قدم پر چلنے کی تلقین کی تاکہ وہ بھی اپنا روزگار خود کماسکینگے ۔انہوں نے ایک بات بار بار دہرائی کہ ان کی حکومت خاندانوں کیلئے نہیں بلکہ ملک کی بھلائی کے لئے کام کرتی ہے ۔وزیر اعظم مودی نے ہولسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام کا افتتاح کرتے ہوے 52 پروجیکٹوں کا ورچول موڈ کے ذریعے افتتاح کیا ۔بحیثیت مجموعی وزیر اعظم نریندر مودی نے 6400کروڑ روپے کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا جن میں درگاہ حضرتبل اور اس کے گرد و نواح میں تعمیر و ترقی کا پروجیکٹ خصوصی اہمیت کا حامل ہے ۔انہوں نے سیاحت کو بھی فروغ دینے کیلئے کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا جن میں خاص طور پر ”دیکھو اپنا دیش“پروجیکٹ شامل ہے ۔انہوں نے بیروزگار نوجوانوں میںتقرریوں کے احکامات کی کاپیاں تقسیم کیں اور ساتھ ہی اس بات پر بھی زور دیا کہ نوجوانوں کو روزگار دینے والا بن جانا چاہئے نہ کہ روزگار مانگنے والا بن جاناچاہئے ۔غرض وزیر اعظم کا دورہ اس خطے یعنی جموں کشمیر کے لئے ہمیشہ باعث اطمینان ہوتا ہے کیونکہ جب بھی وہ یہاں آئے کشمیریوں کو کوئی نہ کوئی سوغات دے کر ہی چلے گئے اور آج بھی وہ خالی ہاتھ نہیں بلکہ انہوں نے کشمیریوں کو ترقیاتی پروجیکٹوں کے ذریعہ ایسی سوغات پیش کیں جن سے عام لوگوں کو مستفید ہونے کا پورا پورا موقعہ مل سکتاہے ۔