اس سال امرناتھ یاترا کے دوران جہاں سخت حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے تو دوسری طرف پہلی مرتبہ یاتریوںکی صحت کا خیال رکھتے ہوے لنگروں پر جنک فوڈ اور دوسرے غیر صحت بخش کھانے پینے کی چیزوں پر پابندی عاید کردی گئی ہے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ شرائین بورڈ نے پہلی مرتبہ یاتریوں کے لئے کھانے پینے کی ان چیزوں کی ممانعت کی جو غیر صحت بخش قرار دئے جاسکتے ہیں اور جن کے کھانے سے یاتریوں کے بیمار پڑنے کا احتمال تھا۔جن اشیاءکی نشاندہی کی ہے ان کی فہرست امرناتھ شرائین بورڈ نے جاری کی ہے اور تمام لنگروں کو ان کی کاپیاں بھیج دی گئیں اور لنگر چلانے والوں سے کہا گیا کہ ان کھانے پینے کی اشیاءکو لنگروں میں یاتریوں کو دستیاب نہ رکھا جاے جن پر بورڈ نے پابندی عاید کردی ہے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ امرناتھ یاتریوں کیلئے پہلگام اور بال تل کے راستوں پر 120لنگر قایم کئے گئے ہیں۔اب ان لنگروں پر یاتریوں کے لئے کوئی ایسی کھانے پینے کی چیز دستیاب نہیں ہوگی جس پر پابندی عاید کردی گئی ہے ۔یہ پہلی مرتبہ ہے کہ شرائین بورڈ نے یاتریوں کی صحت کو مدنظر رکھ کر ایسا قدم اٹھایا ہو ۔آج تک اس سے قبل کوئی ایسا قدم نہیں اٹھایا گیا تھا ۔یاتریوں نے شرائین بورڈ کے اس فیصلے کو قابل سراہنا قرار دے کر اس کو بروقت قدم قرار دیا ہے ۔جن کھانے پینے کی چیزوں پر پابندی عاید کردی گئی ہے ان میں پوری ،بتھورا ،پیزا ،برگر ،پرانٹھے ،ڈوسا ،،تلی ہوئی روٹی ،مکھن والی روٹی ،کریم پر مبنی کھانے ،اچار ،چٹنی ،تلے ہوے پاپڑ ،چاﺅ مین ،کولڈ ڈرنکس ،جلیبی ،گلاب جامن ،لڈو ،کھویا برفی ،رس گلے ،اور تمام حلوائی اشیا ءکے علاوہ سنیکس ،زیادہ چکنائی اور نمکیات پر مبنی چپس ،کُر کُرے ،مٹھی ،نمکین مکسچر ،پکوڑے ،سموسے ،تلے ہوئے خشک میوے اور دیگر تمام تلی ہوئی چیزیں شامل ہیں ۔ممنوعہ اشیائے میں نان ویجٹیرین کھانے ،شراب ،تمباکو ،گٹکھا،پان مسالہ ،سگریٹ اور دیگر نشہ آور چیزیں بھی شامل رکھی گئیں ۔اب جو کھانے پینے کی اشیاءلنگروں میں دستیاب ہونگی ان میں دالیں ،ہر ی سبزیاں ،سبز سلاد ،پھل ،چاول ،گُڑ ،سانبر ،اڈلی ،اتیم ،پوہا ،ہر بل چائے ،کافی اور کم چکنائی والی دہی ،شربت ،لیمن سکوایش ،انجیر ،اور خوبانی شامل ہے ۔امرناتھ شرائین بورڈ نے اس طرح کا قدم اٹھا کر ایک قابل فخر کام کیا ہے کیونکہ جن کھانے پینے کی چیزوں پر پابندی عاید کی گئی ہے ان کے استعمال سے بیمار پڑنے کے کافی چانسز تھے ۔یاتریوں کیلئے ایسی چیزیں استعمال کرنے کی اجازت ہے جو زود ہضم ہیں اور سفر میں جن کے استعمال سے کوئی مسلہ درپیش نہیںآتاہے ۔یہ امرقابل ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر کے ہمالیائی خطے میں تین ہزار آٹھ سو اسی میٹر کی بلندی پر واقع امرناتھ مندر کی سالانہ یاترا اس سال یکم جولائی سے شروع ہوگی جو 31اگست تک جاری رہے گی۔جموں کشمیر انتظامیہ نے یاترا کے لئے تمام تر انتظامات کئے ہیں خاص طور پر سیکورٹی کے حوالے سے پہلے سے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ اس سال ہر کیمپ اور سڑک پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔سارے یاترا انتظامات کا لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا بذات خود نگرانی کررہے ہیں اور وہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں کہ اس سال یاترا انتہائی خوش اسلوبی سے اختتام کو پہنچ سکے ۔یاتریوں کو بھی چاہئے کہ وہ یاترا ٹریک کو صاف ستھرا رکھنے میں انتظامیہ کی مدد کریں اور کوڑا کرکٹ ادھر ادھر پھینکنے سے احتراز کریں۔