یہ مسئلہ ہماری مشترکہ ثقافتی روایت سے وابستہ ہے: مرکزی وزیر
نئی دہلی، 3 ستمبر (یو این آئی) صحت وخاندانی بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر مانسکھ مانڈویہ نے اعضاءکے عطیہ کو عوام میں مقبول بنانے کیلئے عوامی شراکت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اعضاءکے عطیہ کا مسئلہ ہماری مشترکہ ثقافتی روایت سے وابستہ ہے ۔مسٹر مانڈویہ نے ہفتہ کے روز یہاں ‘صحت مند و مستحکم بھارک’ کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری ثقافتی روایت میں ہے کہ ہم نہ صرف اپنے بلکہ دوسروں کے فائدے کے لیے سوچتے ہیں اور اعضاءعطیہ کرنے کا مسئلہ پیچیدہ طور پر اس نظریہ سے وابستہ ہے ۔اس موقع پر سکم کے گورنر گنگا پرساد، انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر سہجانند اور نیشنل آرگن اینڈ ٹشو ٹرانسپلانٹ آرگنائزیشن کے صدر ڈاکٹر رجنیش سہائے موجود تھے ۔ کانفرنس میں ہندوستان میں جسمانی اعضائ-آنکھوں کے عطیہ کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے چیلنجوں کا حل تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر صحت نے لوگوں کو انسانیت کی خاطر اپنے اعضاءعطیہ کرنے کے لیے آگے آنے کی ترغیب دیتے ہوئے اسے عوامی تحریک بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا، “حکومت یا این جی اوز کے لیے یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ اکیلے افراد کو اعضاءعطیہ کرنے پر آمادہ کریں۔ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے یہ ایک عوامی تحریک ہونی چاہیے ۔”