نئی دہلی(یو این آئی) مرکزی کابینہ نے دہشت گردی کے واقعات اور دیگر جرائم کی تحقیقات میں قانونی مدد سے متعلق ایک معاہدے کو منظوری دے دی۔ بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس معاہدے سے متعلق تجویز کو منظوری دی گئی۔ اس کا مقصد باہمی قانونی معاونت کے ذریعے دہشت گردی سے متعلقہ جرائم سمیت دیگر جرائم کی تفتیش اور استغاثہ میں دونوں ممالک کی صلاحیت کو بڑھانا ہے ۔ مجوزہ معاہدہ بین الاقوامی جرائم اور دہشت گردی کے ساتھ اس کے روابط کے تناظر میں جرم کی تفتیش اور مقدمہ چلانے کے ساتھ ساتھ جرائم میں اضافے ، اس کے معاون آلات اور دہشت گردی کی کارروائیوں کی مالی اعانت کے لیے فنڈز وغیرہ کا پتہ لگانے ، روک تھام اور ضبط کرنے میں پولینڈ کے ساتھ دوطرفہ تعاون کے لیے ایک جامع قانونی فریم ورک فراہم کرے گا۔ اس معاہدے پر دستخط اور توثیق کے بعد سنٹرل پینل کوڈ آف پروسیجر 1973 کی متعلقہ دفعات کے تحت نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا تاکہ اس معاہدے کی دفعات کو ملک میں موثر طریقے سے نافذ کیا جا سکے ۔ایک بار لاگو ہونے کے بعد یہ معاہدہ منظم مجرموں اور دہشت گردوں کے طریقہ کار کے بارے میں اِن پُٹ اور بہتر معلومات حاصل کرنے میں مدد کرے گا۔ اس کے ساتھ ان کا استعمال داخلی سلامتی کے شعبے میں پالیسی ساز فیصلوں کو بہتر بنانے کے لیے بھی کیا جا سکتا ہے ۔