بانڈی پورہ میں سرگرم ملی ٹینٹ ہتھیار و گولہ بارود سمیت گرفتار
بڈگام پولیس نے گوپال پورہ چاڈورہ میں ہوئے گرینیڈ حملے میں ملوث دو ہابرڈ جنگجووں کی گرفتاری عمل میں لائی جبکہ اس حوالے سے مزید گرفتاریاں متوقع ہے۔دریں اثنا بانڈی پورہ میں پولیس نے ایک سرگرم جنگجو کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت گرفتار کیا ہے اطلاعات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ پندرہ اگست کو گوپال پورہ چاڈورہ میں ملی ٹینٹوں نے گرینیڈ سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں اقلیتی فرقے سے وابستہ ایک شہری زخمی ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی جس دوران آس پاس علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج نکالی گئی ۔ پولیس ترجمان کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے حملہ آوروں کا پتہ چلا جس کے بعد دونوں کو چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے گرفتار ہابرڈ ملی ٹینٹوں کی شناخت ساہل وانی اور الطاف فاروق عرف عامر کے بطور کی۔ پولیس نے بتایا کہ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرا رنہیں دیاجاسکتاہے ۔ دریں اثنا بانڈی پورہ پولیس نے بھی ایک جنگجو کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور فوج نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران ایک جنگجو جس کی شناخت امتیاز احمد بیگ عرف عنا بٹ کے بطور ہوئی ہے کو گرفتار کیا۔ اُن کے مطابق گرفتار جنگجو کے قبضے سے ایک اے کے 47رائفل ، دو میگزین اور 59گولیوں کے راونڈ اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔