شمالی ضلع بارہمولہ کے وانی گام پٹن علاقہ میں سنیچر کی صبح ایک تصادم کے دوران ایک ملی ٹنٹ ماراگیاجبکہ 2فوجی جوان اورایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔فائرنگ کے تبادلے میں فوج کاایک سونگنے والا کتا بھی ماراگیا۔ کشمیر پولیس زون نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں جانکاری دی کہ ملی ٹنٹوںکی موجودگی سے متعلق اطلاع ملتے ہی ہفتے کی صبح پولیس ،ایس اﺅجی ،فوج اورنیم فوجی دستوںنے ضلع بارہمولہ کے وانی گام پٹن علاقہ کومحاصرے میں لے لیا ۔پولیس کے مطابق تلاشی کارروائی شروع ہونے کے بعدیہاں ایک مکان میں چھپے ہوئے ملی ٹنٹ نے سیکورٹی فورسزپر فائرنگ شروع کردی ،جسکے بعدسیکورٹی فورسزکے اہلکاروںنے جوابی کارروائی عمل میں لائی ۔انہوںنے کہاکہ طرفین کے درمیان کچھ وقت تک جاری رہنے والی گولی باری کے دوران 2فوجی جوان اورایک پولیس اہلکار گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے ،جسکے بعداُنھیں یہاں سے نکال کر اسپتال منتقل کیاگیا۔پولیس نے بتایاکہ تینوں زخمی اہلکاروں کافوری علاج ومعالجہ شروع کیاگیا ،اوراُن کی حالت مستحکم ہے۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ بعدازاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملی ٹنٹ ہلاک ہوگیا، جب کہ فوج کا ایک سنیفر ڈاگ(سونگنے والا کتا) بھی مارا گیا۔پولیس نے بتایاکہ جائے جھڑپ سے مارے گئے ملی ٹنٹ کی نعش کے علاوہ اسلحہ وگولی بارود اورکچھ قابل اعتراض مواد بھی برآمد ہوا۔انہوںنے کہاکہ مارے گئے ملی ٹنٹ کی شناخت اورتنظیمی وابستگی کے بارے میں چھان بین اورتحقیقات جاری ہے ۔